فرنچائزز پی ایس ایل ٹیموں میں اضافے کی مخالف

7سے 8سائیڈز ہونی چاہئیں،مالکان سے ملاقات کروں گا،نجم سیٹھی


Express News December 28, 2022
سرفراز نے انتخاب درست ثابت کردیا، کوئٹہ ابھی پی ایس ایل کیلیے تیار نہیں۔ فوٹو فائل

نجم سیٹھی پی ایس ایل ٹیموں میں اضافے کے خواہاں ہیں البتہ فرنچائزز نے تجویز کی مخالفت کردی۔

ایک انٹرویو میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ گذشتہ سال بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزز کے معاملات ٹھیک نہیں تھے، میں ان کے مالکان اور ذمہ داران سے ملاقات کروں گا،میں چاہتا ہوں کہ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ ہو،7سے 8 ہوں تو بہتر ہوگا،البتہ فرنچائز مالکان نہیں چاہتے کہ تعداد بڑھائی جائے۔

انھوں نے کہا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ جارحانہ انداز اپنایا اور فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں،ہمیں سابق کپتان کی خدمات بورڈ میں درکار ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم میں واپس لائے، انھوں نے اچھی کارکردگی سے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا، چیئرمین نے نام لیے بغیر کہا کہ ایک فاسٹ بولر کی انجری کے باوجود ٹیم مینجمنٹ متبادل لینے کی بات نہیں مان نہیں رہی تھی، ہم لیفٹ آرم پیسر میر حمزہ کو لائے۔

ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم پی ایس ایل کیلیے تیار نہیں، اس کیلیے وقت درکار ہے،میچز کرانے کیلیے سیکیورٹی مسائل بھی درپیش ہیں، کہا گیا کہ پشاور میں ریڈ لائن ہے،میں کہتا ہوں وہاں کوئی ایسا مسئلہ نہیں،پی ایس ایل کو پورے پاکستان میں لے جانا ہوگا،ہم کرکٹ صرف کراچی اور لاہور تک محدود نہیں رکھنا چاہتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔