سپریم کورٹ سندھ کے تمام محکموں میں معذور کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم
عدالت کا معذور کوٹے پر عمل درآمد نہ ہونے پر سندھ حکومت پر اظہار برہمی، 4 ماہ میں بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم
سپریم کورٹ نے سندھ کے تمام محکموں میں معذور کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
معذور افراد کے کوٹے پر ملازمتیں نہ دینے سے متعلق درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی، جس کی سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ نے کی۔ عدالت نے تمام صوبائی محکموں میں معذور افراد کے کوٹے پر 4 ماہ میں بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں تمام محکموں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا، اس کے باوجود سندھ حکومت معذور افراد کو سرکاری ملازمیتیں نہیں دے رہی۔ سندھ حکومت کو معذور افراد کے کوٹے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا جائے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ جن محکموں میں اسامیاں خالی ہیں، ان میں بھرتیاں کی جائیں گی۔ کوٹے پر سندھ حکومت نے کچھ حد تک عمل درآمد کیا ہے۔ کوٹے پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت سندھ حکومت پر برہم ہوگئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ تمام محکموں میں معذور افراد کی بھرتیوں کا عمل 2 ہفتوں میں شروع کیا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے سندھ حکومت کو تمام محکموں میں 4 ماہ میں بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔