وزیراعلیٰ کے پی نے امن و امان کی بگڑتی صورت حال کی ذمہ داری وفاق پر ڈال دی
خیبر پختونخوا پولیس کی بے شمار قربانیاں ہیں، ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، محمود خان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال کی ذمہ داری وفاق پر عائد کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں موجودہ صورت حال اور حالیہ واقعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد خان نے کہا کہ امن کا قیام اولین ترجیح ہے، امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں،پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید موثر بنانے کے لیے فنڈز درکار ہیں جبکہ وفاق نے ہمارے فنڈز روکے ہوئے ہیں، وفاقی حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، صوبے کے فنڈز کو غیر قانونی طور پر روکا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس اور سی ٹی ڈی کو درکار وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کر رہے ہیں، پولیس اور سی ٹی ڈی دہشت گردی کے تدارک کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے، سال 2022 میں 82 فیصد تھریس نیوٹرلائز کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی بے شمار قربانیاں ہیں، ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، صوبائی حکومت ہمیشہ اپنے پولیس کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی ریے گی۔