گلستان جوہر میں پولیس فائرنگ سے مرنے والے شخص کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا
عامر حسین کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں سال 2018 میں ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے 2 مقدمات درج ہوئے،پولیس
جوہر موڑ نعمان ایونیو کے اندر شاہین فورس کے اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عامر حسین کا مبینہ طور پر کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر حسین کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں سال 2018 میں ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے 2 مقدمات درج ہوئے تھے، مقتول کو ڈالمیا کی گلی نمبر5 میں شہزاد رفیق کی دکان پر ڈکیتی کے بعد موقع سے فرار ہوتے ہوئے پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ اس کے قبضے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: گلستان جوہر میں شہری کی ہلاکت؛ شاہین فورس کے اہلکار جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
عزیز بھٹی پولیس نے مقتول عامر حسین کے خلاف ڈکیتی کی دفعہ 392 چونتیس اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کی دفعہ 23 ون اے کے تحت 2 مقدمات 475 اور 476 سال 2018 درج کیے تھے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے فون ریسیو کرنے سے گریز کیا۔