الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ماہ رمضان میں کرانے کا عندیہ
عدالتی حکم پر اٹارنی جنرل کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات، الیکشن کمیشن کا وزارت داخلہ سے بھی مشاورت کا فیصلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ماہِ رمضان میں کرانے کا عندیہ دے دیا۔
عدالتی حکم پر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل قانون الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکریٹری نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا ماہ رمضان میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 1997 میں بھی عام انتخابات ماہ رمضان میں منعقد ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اٹارنی جنرل کے علاوہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزارت داخلہ سے بھی مشاورت کرے گا۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کی 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے معذرت، عدالت کا اظہار برہمی
قبل ازیں عدالت نے الیکشن کمیشن کو آج ہی وفاقی حکومت سے میٹنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کل ہونے والی سماعت میں بلدیاتی اتنخابات کی ٹائم لائن دے اور کہیں یہ نہ ہو کہ جون 2023 میں الیکشن کے انعقاد کا کہا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ کل اگر ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ 31 دسمبر کو الیکشن نہیں ہونے تو آپ کی ٹائم لائن کو دیکھیں گے۔