سال 2022 اسٹاک مارکیٹ کیلیے بھیانک سال ڈالر اور سونے کی اونچی اڑان

محض ایک سال میں انٹربینک میںڈالر50،اوپن مارکیٹ میں57روپے مہنگا


Ehtisham Mufti January 01, 2023
تولہ سونے کے دام58100 روپے بڑھ گئے۔ فوٹو: فائل

سال2022 پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی کاروباری سرگرمیوں کیلیے بھی بھیانک ترین ثابت ہوا جب کہ ملک سیاسی تصادم اور دگرگوں معاشی حالات حصص کی تجارت پر اثر انداز رہے۔

2022 میں 100انڈیکس میں مجموعی طور پر 4175.62 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس سے سال کے اختتامی سیشن میں 100 انڈیکس گھٹ کر 40420.45 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

2022 کے دوران مجموعی مندی سے سرمایہ کاروں کے 11.83 کھرب روپے سے زائد سرمایہ ڈوب گیا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 65 کھرب 82کروڑ 78لاکھ 17 ہزار 421 روپے کی سطح پر آگیا،15اپریل کو100انڈیکس کی بلند ترین سطح 46601.54 رہی جبکہ 25 جولائی کو 100انڈیکس کی کم ترین سطح 39844.02 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں کلینڈر سال 2022 میں ملک کو درپیش مالی بحران،سیاسی انتشار اور آئی ایم ایف پروگرام بار بار موخر ہونے سے انٹربینک میں ڈالر کی بہ نسبت روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 28.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر 31.9 فیصد گھٹ گئی۔

دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں میں شامل پاؤنڈ، یورو، درہم اور سعودی ریال کی اڑان بھی اونچی رہی اور روپیہ چاروں شانے چت رہا،2022 کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 49.92 روپے کے اضافے سے سال کے اختتام پر 226.43 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 57 روپے کے اضافے سے 235.50 روپے پر بند ہوئی۔

2022 کے دوران انٹربینک میں 7فروری کو ڈالر کی کم ترین سطح 174.47روپے اور 28 جولائی کو 239.94 روپے کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی۔

دریں اثناء ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث 2022 کے دوران سونے کی مقامی قیمتیں بلند ترین سطح پر آگئیں، مخصوص گروہوں نے غیریقینی معاشی حالات اور افواہوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سونے میں بھی سٹے بازی کرتے ہوئے اس کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھانے کی کوششیں کیں۔

سونے میں سٹے بازی سے متاثرہ غیرمستحکم گولڈ مارکیٹ کو بلین انتظامیہ نے ایک دن کے لیے بند بھی کیا۔ 2022 کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 58100 روپے کے اضافے سے 184100روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت مجموعی طور پر49811 روپے کے اضافے سے157836 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔

اس کے برعکس 2022 کے دوران عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت اتارچڑھاؤ کے بعد 2 ڈالر کی کمی سے 1818ڈالر پر آگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں