وزیراعلیٰ پنجاب کا پرسنل سیکریٹری بن کر سیکڑوں شہریوں کو لوٹنے والا گرفتار

ملزم خود کو وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ایس اور مختلف شخصیات کا پروٹوکول افسر ظاہر کرتا تھا


Saleh Mughal January 01, 2023
گرفتاری کے بعد ملزم کی تھانے میں تصویر (فوٹو : پولیس)

خود کو وزیر اعلی پنجاب و اعلی حکام کا پرسنل سیکریٹری و پروٹوکول آفیسر ظاہر کرکے دو ہزار شہروں کو ملازمتوں و سرکاری اداروں میں پھنسے کام کروانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے جعل ساز کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سال نو کے آغاز پر اہم کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کینٹ میں بڑے نوسر باز کو گرفتار کرکے سال نو کا پہلا مقدمہ درج کرلیا۔


Rawalpindi fraud arrest fake offcer of cm punjab


پولیس حکام کے مطابق چودھری شہباز نامی بڑے نوسرباز کو عامر نامی شہری کی درخواست پر گرفتارکیا گیا جس میں اس نے بتایا کہ چودھری شہباز نے ریلوے میں نائب قاصد کی ملازمت دلانے کے بہانے اس سے 50 ہزار روپے لے کر اپائنٹمنٹ لیٹر دیا، ریلوے دفتر جوائننگ کے لیے پہنچا تو انکشاف ہوا کہ لیٹر جعلی ہے۔


درخواست پر پولیس نے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا تو اس کے قبضے سے وزیر اعلی پنجاب سیکریٹریٹ کا جعلی کارڈ برآمد ہوا جس پر اس کا عہدہ وزیر اعلی پنجاب کا پی ایس لکھا تھا اور تصویر بھی موجود تھی ساتھ ہی دیگر شواہد بھی برآمد ہوئے۔


Rawalpindi fraud arrest fake offcer of cm punjab 2


ایس ایچ او کینٹ سردار محمد عاصم کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم خود کو اعلیٰ حکومتی شخصیات کا پی ایس اور پروٹوکول افسر ظاہر کرتا تھا، ملزم نے خود کو وزیراعلی پنجاب کا پرسنل سیکرٹری بھی ظاہر کیا اور کارڈ بنا رکھا تھا اور سادہ لوح شہریو کو بوگس کالوں پر بڑے افسران سے بات چیت ظاہر کر کے اپنے چنگل میں پھنساتا تھا، ملزم نے بیان میں کم و بیش 1400 سے زائد مردوں اور 500 خواتین کو دھوکا دہی سے جمع پونجی سے محروم کرنے کا انکشاف کیا ہے۔


پولیس کے مطابق ملزم نوکری دلانے اور مختلف سرکاری کاموں کے لیے رقم وصول کرتا اور بعد ازاں نمبر بلاک کر کے رابطہ ختم کر دیتا تھا، ملزم نے ساہ لوح شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے جعلی کارڈز اور جعلی انٹرویوز کی ویڈیوز بھی بنا رکھی تھیں، ملزم اسے قبل بھی مختلف شہریوں کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے جس نے کروڑوں روپے کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔


Rawalpindi fraud arrest fake offcer of cm punjab 3


سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری نے ملزم کو گرفتار کرنے پر کینٹ پولیس کی کاکردگی کو سراہا اور ایس پی پوٹھوہار ملک طارق محبوب کو ہدایت کی ہے کہ ملزم سے جامع تفتیش کرکے متاثرین کو مکمل ریلیف فراہم کرایا جائے اور ملزم کو تمام شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے۔


پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سے مزید تفتیش میں مزید بڑے اور اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ راولپنڈی یا کسی شہر میں ملزم نے ان کے ساتھ واردات کی ہے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے سے رجوع کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں