عمران خان چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ سے متعلق بیان پر مکر گیے
عمران خان نے 8 جولائی کو خوشاب جلسے میں چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ سے متعلق دعویٰ کیا تھا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر کی اہلیہ کی پوسٹنگ سے متعلق دیے گئے بیان پر یوٹرن لے لیا۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے زمان پارک لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔ ایک صحافی نے جب چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا تو عمران خان نے جواب دیا کہ مجھے اس چیز کا علم نہیں، میں نے کبھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ بارے گفتگو نہیں کی۔
تاہم جب ریکارڈ سے چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ عمران خان نے ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران 8 جولائی کو خوشاب جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ مجھے آج پتہ چلا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو حکومت نے رشوت کے طور پر بڑا عہدہ دے دیا، جس سے بڑا پیسہ بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: جنرل (ر) باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا آپ پلے بوائے ہیں، عمران خان
جب ایکسپریس نیوز نے کسٹم ذرائع سے معاملے کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا تو حکام نے بتایا کہ ایسے عہدوں پر سینئر ترین افسر کو لگایا جاتا ہے، چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کی پوسٹنگ میرٹ پر تھی۔