اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کیخلاف ایف آئی اے کارروائی کرے وزیر اطلاعات
خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے، مریم اورنگزیب
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستانی اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایف آئی اے سے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بدتمیزی، بدتہذیبی اور کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی پورے معاشرے کی طرف سے مذمت ہونی چاہیے، صرف اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کی فکر اور باقی دنیا کی عورتوں کی عزت نہ کرنے والے عناصر ذہنی بیمار ہیں، اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا، ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا، گھروں پر حملے، گھیراؤ کرانا اور ہراساں کرنا "گھریلو تربیت" کی علامات ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: عادل راجا کے نازیبا الزامات پر معروف اداکاراؤں کا ردِعمل سامنے آگیا
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں، بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں، فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں اور مشکلات کا سامنا کر کے مقبول ہوتے ہیں، خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے، عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف اور احترام کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے، خواتین حوصلے،ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں، ایسی بے ہودگی ان کی کامیابیوں کا سفر روک نہیں سکتیں۔