کسٹمز نے ڈمپر میں لوڈ کروڑوں کی چھالیہ اور 4 اسمگل گاڑیاں ضبط کرلیں

نادرن بائی پاس پرمشکوک ڈمپرکی تلاشی پر سوا 2 کروڑ کی چھالیہ برآمدہوئی جو پتھروں کے نیچے چھپائی گئی تھی


Ehtisham Mufti January 05, 2023
ڈائریکٹوریٹ نے4اسمگل،ٹیمپرڈاورنان کسٹم پیڈگاڑیاں ضبط کرلی (فوٹو : ایکسپریس)

ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت 5.4 کروڑ روپے مالیت کی چھالیہ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈائریکٹر کسٹمزانٹیلی جنس کراچی ثاکف سعید کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک ڈمپر کے ذریعے بھاری مقدار میں چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر انعام اللہ وزیر کی قیادت میں ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے نادرن بائی پاس کے علاقے کی نگرانی کی اس دوران ایک سڑک پر جانے والے ایک مشکوک ڈمپر کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی تو ڈمپر سے مضر صحت اسمگل چھالیہ برآمد ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسمگلرز مذکورہ ڈمپر کے آگے اور پیچھے 2 گاڑیوں کے ذریعے نگرانی بھی کررہے تھے جنہوں نے چھاپے کے دوران چھاپہ مار ٹیم کے ساتھ جب زبردست مزاحمت کی تو ڈائریکٹوریٹ سے مزید نفری طلب کرکے ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے بعد بہادری سے ڈمپر کو قبضے میں لے کر بھاری مقدار میں اسمگل شدہ مضر صحت چھالیہ قبضے میں لی گئی جسے پتھروں کے نیچے چھپایا گیا تھا۔

ضبط کیے گئے چھالیہ اور گاڑی کی مالیت 2 کروڑ 25 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے، کسٹمز انٹیلی جنس نے اس کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، ڈائریکٹوریٹ نے دیگر کارروائیوں میں 4 اسمگل اور ٹیمپرڈ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی ضبط کی ہیں جس کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں