2022 بیتے برس کا البم نومبر دسمبر
سینیٹ کے اجلاسوں میں وزارت تجارت نے بتایا کہ چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے
4اکتوبر
ہم جنس پرستوں کی شادی کا بل
سلووینیا کی قومی اسمبلی میں ہم جنسوں سے شادی کو قانونی حیثیت دے دی گئی اور ہم جنس پرست جوڑوں کو بچے گود لینے کی اجازت مل گئی۔
ادھر پاکستان میں ٹرانس جینڈر ایکٹ منظور ہونے پر عدالت نے سوال اٹھا دیا کہ پانچ سال قبل پاس ہونے والے بل پر اب اعتراض کیوں اٹھایا جا رہا ہے۔ دو روز قبل جماعت اسلامی نے اس بل کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد اس کی شنوائی ہوئی۔ وکیل نے یہ تسلیم کیا کہ غلطی تھی کہ بنا باریکیوں کو سمجھے قانون منظور ہوا۔
گدھے درآمد ہونے لگے
سینیٹ کے اجلاسوں میں وزارت تجارت نے بتایا کہ چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس اور دیگر شعبوں میں تعاون کا عندیہ دیا۔
5 اکتوبر
بنگلادیش تاریکی میں ڈوب گیا!
بنگلادیش کے نیشنل پاور گرڈ میں خرابی کے باعث ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ یہ بریک ڈاؤن ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کی وجہ سے ہوا جس سے پاور پلانٹس ٹرپ کرگئے۔ یاد رہے کہ بنگلادیش نے درآمدات کی لاگت میں کمی کے لیے ڈیزل پر چلنے والے تمام پاور پلانٹس بند کر دیے تھے، جس کی وجہ سے بجلی کی قلت ہوگئی تھی۔
خودکش بم دھماکا
کابل میں حکومتی وزارت کی مسجد میں خودکش بم حملے میں 4 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔
6 اکتوبر
زلزے اور طوفان
خووی، مغربی آذربائیجان، ایران میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا، جس میں 1000سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جب کہ پیرو کے شہر پیورا میں 5.8 شدت کے زلزلے میں ایک شخص ہلاک اور دوخمی ہوگئے۔ دوسری طرف سمندری طوفان ایان سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 130ہوگئی، امریکا میں 125 اور کیوبا میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ اسے امریکی تاریخ کا 24واں سب سے خطرناک سمندری طوفان قرارداد دیا گیا ہے۔
پاکستان جونیئرلیگ
2022 پاکستان جونیئرلیگ کا افتتاحی سیزن شروع ہوا جس میں انڈر 19ٹوئنٹی 20 کرکٹ لیگ کے مقابلے ہوئے۔ یہ ٹورنامنٹ 6سے 21اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔ اس میں چھے ٹیموں نے راؤنڈ رابن لیگ فارمیٹ میں حصہ لیا۔ بہاولپور رائلز نے 21 اکتوبر کو فائنل میں گوادر شارک کو شکست دی اور PJL2022 کا افتتاحی چیمپئین بن گیا۔
9 اکتوبر
احتجاج اور پابندیاں
ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے ایران پر عالمی برادری کا دباؤ بڑھ گیا۔ کینیڈا کی حکومت نے ایرانی انقلاب کے حمایتی 10,000افراد کو مکمل طور پر بین کردیا، جب کہ نیدرلینڈ اور فرانس نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
کف سیرپ موت بانٹنے لگا
مغربی افریقہ کے ملک گمبیا میں کھانسی کا شربت استعمال کرنے والے 66 بچوں کی ہلاکت کے بعد دوا ساز کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا۔ بچوں کی ہلاکت کے پیچھے چار بڑے برانڈز کے کف سیرپ کا نام سامنے آیا۔ یہ سیرپ بچوں کی کھانسی دور کرنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔
اسلام آباد میں آتشزدگی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع سینٹورس مال میں آتشزدگی سے بھگدڑ مچ گئی۔ ساری عمارت دھوئیں اور آگ کے شعلوں کی نذر ہوگئی۔ آگ فورڈ کورٹ میں لگے گیس کے سیلینڈر کے پھٹنے سے لگی۔ دو گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تاہم حکام کے مطابق آگ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔
10اکتوبر
نوبیل انعام امریکیوں کے نام
گذشتہ برس تین امریکی ماہرین معاشیات بین برنا کے، ڈوگلاس ڈائیمنڈ اور فیلپ ایچ نے نوبل میموریل پرائز کو اپنی تحقیق ''بینکوں اور مالیاتی بحرانوں '' کے عوض اپنے نام کر لیا۔
11اکتوبر
کشمیری راہ نما الطاف احمد شاہ کی وفات
کشمیری حریت راہ نما اور آل پارٹیزحریت کانفرنس کے لیڈر الطاف احمد شاہ بھارتی حراست میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔ وہ 2017 سے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑجیل میں بھارتی افواج کی درندگی کا شکار تھے۔ وہ کشمیری حریت راہ نما سید علی گیلانی کے داماد تھے۔
ناسا کا دعویٰ
ناسا کا کہنا ہے کہ اس کے ڈارٹ خلائی جہاز نے منفی اثرات سے بچنے کے لیے 520 فٹ سیارچے Dimorophos کے مداد کو تقریباً 32 منٹ تک کام یابی سے تبدل کردیا۔
12اکتوبر
امداد کا اعلان
کینیڈا نے اعلان کیا کہ وہ روس کے خلاف یوکرین کو نئی فوجی امداد فراہم کرنے کی مد میں 47 ملین ڈالر کے ساتھ آرٹلری راؤنڈ، موسم سرما کے لباس، ڈرون کیمرے اور سیٹلائٹ کمیونیکیشن نظام فراہم کرے گا۔
14اکتوبر
بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
یوں تو پاکستان میں لوڈشیڈنگ معمول کی بات ہے لیکن نیشنل گریڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا۔ 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکلنے پر پنجاب ، سندھ، بلوچستان میں دن بھر سپلائی معطل رہی جس سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ صبح کو جانے والی بجلی شام 6بجے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی۔
مذاکرات کی دعوت
ملکی ترقی، خوش حالی اور خطے میں امن کے ضمن میں وزیراعظم شہبازشریف نے قازقستان میں سربراہی کانفرنس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر بھارت سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا، جسے سفارتی سطح پر مثبت پیرائے میں دیکھا جا گیا۔
15اکتوبر
نشتر اسپتال میں لاوارث لاشیں
ملتان کے نشتر اسپتال کی چھت پر بنے کمرے اور چھت سے درجنوں لاوارث گلی سڑی لاشیں ملنے کا ہول ناک انکشاف اس وقت ہوا جب وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر طارق زمان نے نشتر اسپتال کے دورے میں زبردستی سردخانہ اور چھت کھلوائی۔ سرد خانے میں 200 لاشیں تھیں جب کہ چھت پر تین تازہ لاشیں اور 35 پرانی لاشیں تھیں۔ لاشوں کو گدھ اور کیڑے کھا رہے تھے۔ اس کی ویڈیووائرل ہونے پر واقعے کا نوٹس لیا گیا۔
16اکتوبر
پاکستان مخالف بیان پر ماحول گرم
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ پاکستان جوہری ملک ہونے کی وجہ سے دنیا کے لیے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک ہے، جس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔
اس بیان کو پاکستان کی سالمیت اور ساکھ متاثر کرنے سے مترادف قرار دیتے ہوئے امریکی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ وزیراعظم نے بھی اس بیان کو گم راہ کن قرار دیا، جب کہ دیگر پاکستانی سیاست دانوں نے بھی اس بیان پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ
ماہ اکتوبر کی 16 تاریخ کو ٹی ٹونٹی عالمی مقابلوں کا آغاز آسٹریلیا میں ہوا جو 13 نومبر 2022 تک جاری رہے۔
پاکستان کو آغاز میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں ابتدائی میچ ہارگیا لیکن بعد کے میچوں میں مسلسل کامیابیوں کے نتیجے میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ عمومی رائے یہی تھی کہ پاکستان فائنل جیت جائے گا لیکن اس کے برعکس یہ اہم میچ برطانیہ نے باآسانی جیت لیا۔
17اکتوبر
ضمنی انتخابات میں کام یابی
16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آٓئی نے6 جب کہ پیپلزپارٹی نے 2 قومی نشستوں پر کام یابی حاصل کی۔ ان چھے قومی نشستوں پر عمران خان کو کام یابی ہوئی۔
18اکتوبر
جان لیوا وبا
پچھلے دو برس وباؤں کے حوالے سے خطرناک ثابت ہوئے جو بالواسطہ طور پر انسانوں کے لیے نقصان کا باعث تھیں۔ اس برس امریکا کے زرعی شعبے نے انسانوں کو بلاواسطہ نقصان پہنچانے والی ایک وبا کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 47 ملین سے زیادہ مرغیاں اور چوزے برڈفلو کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ یاد رہے کہ یہ جان لیوا وبا کا 2015کے بعد سے اب تک انتہائی خطرناک پھیلاؤ رہا ہے۔
19اکتوبر
انصاف ہار گیا
بارہ برس پہلے درج ہونے والے کیس کا فیصلہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر گیا۔ سن 2012 میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک نوجوان شاہ رخ جتوئی نے 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو قتل کردیا تھا۔ اس کیس کو میڈیا میں اٹھایا گیا اور اس کا شمار ہائی پروفائل کیسز میں ہونے لگا۔
بارہ برس بعد ملزم شاہ رخ جتوئی کو چار ملزمان سمیت سپریم کورٹ سے بری کردیا گیا۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 302 کی دفعہ فریقین میں صلح کی وجہ سے ختم ہوچکی تھی۔ اس خبر کے آنے کے بعد عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی اور سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر لوگوں نے اسے انصاف کی ہار قرار دیا۔
21 اکتوبر
مہنگائی برطانوی وزیراعظم کو لے ڈوبی
مہنگائی سے نمٹنے مین ناکامی پر برطانیہ کی نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ انھوں نے اپنے 45 روزہ دور حکومت میں وعدے پورے نہ کرسکنے کا اعتراف کیا اور اس کے ساتھ کنزرویٹیو پارٹی کی سربراہی چھوڑنے کا بھی اعلان کردیا۔ مستعفی ہونے کے بعد وہ 1827کے بعد سے اب تک مختصر ترین مدت کے لیے وزیراعظم بننے والی شخصیت بن گئیں۔
22اکتوبر
عمران خان نااہل قرار
عمران خان کے خلاف قائم کیے جانے والے توشہ خانہ ریفرینس کا فیصلہ آگیا۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 53 ون پی کے تحت نااہل قرار دے دیا۔ یہ فیصلہ عمران خان کو مس ڈیکلئریشن کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سنایا گیا۔ یوں عمران خان اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دے دے گئے۔ یاد رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 13 کروڑ ساڑھے 89 لاکھ کے تحائف ملے۔
آخر کار پاکستان گرے لسٹ سے نکل گیا
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے چار سال بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا۔ یہ فیصلہ 34 نکاتی ایکشن پلان کی کام یاب تکمیل اور جائزہ رپورٹ تسلی بخش ہونے پر کیا گیا۔ چار برس کی تگ و دو کے بعد بالآخر پاکستان وائٹ لسٹ میں شامل کردیا گیا۔
24اکتوبر
ملک گیر ریفرنڈم
ترک صدر نے حجاب پہننے کے حق پر ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی تجویز دے دی۔ ترکی میں 2023 میں عام انتخابات سے قبل گذشتہ سال حجاب کا مسئلہ سیاسی مباحث میں حاوی رہا۔ یاد رہے کہ ترکی پر حکم رانی کرنے والی سیکولر جماعتیں حجاب پہننے کے حق کی مخالف رہی ہیں۔
28اکتوبر
صحافی خون میں نہا گیا!
سنیئر صحافی اور اینکر پرسن ارشدشریف کو کینیا میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ وہ سر میں گولی لگنے سے جان بحق ہوئے۔ اٹارنی جنرل پاکستان نے کینیا کی حکومت کو خط لکھ کر تحقیقات کر نے کا کہا۔ ان کی میت کو جلد از جلد پاکستان لانے کی درخواست کی گئی۔ یاد رہے کہ صحافی ارشدشریف کی جان کو خطرہ تھا جس کے پیش نظر وہ کینیا چلے گئے تھے۔ ان کی نمازِجنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
30اکتوبر
آزادی مارچ
عمران خان نے آزادی مارچ کا آغاز کردیا۔ گذشتہ کچھ عرصے سے وہ اس مارچ کا تذکرہ کرتے نظر آتے تھے۔
عمران خان نے اس مارچ کا آغاز لبرٹی چوک سے کیا اور اس کا آخری پڑاؤ اسلام آباد طے پایا۔ اس مارچ کا مقصد شہبازشریف کی حکومت کی جانب سے قبل از وقت عام انتخابات نہ کرانے پر احتجاج تھا، لیکن دوسرے ہی دن ایک نجی ٹی وی چینل کی صحافی صدف نعیم آزادی مارچ کے کنٹینر تلے آکر جان بحق ہوگئیں، جس کی وجہ سے مارچ کو دوسرے روز مقررہ مقام پہ پہنچنے سے پہلے ختم کرنا پڑا۔
3 نومبر
عمران خان پر قاتلانہ حملہ
وزیرآباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان اور پارٹی کے راہ نماؤں کے کنٹینر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ اس حملے میں 13 افراد زخمی جب کہ ایک پی ٹی آئی کارکن معظم جاں بحق ہوگیا۔
ایک اور کارکن ابتسام نے ملزم کو پکڑ لیا، تاہم وہ خود کو چھڑا کر بھاگا تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ حملے کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں نے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔ عمران خان پر حملے کی ملکی اور غیرملکی راہ نماؤں نے مذمت کی۔
اسی رات ملزم نوید کا اعترافی بیان بھی ٹی وی پر چلا جس میں اس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین لوگوں کو گم راہ کر رہے ہیں اور اس کے پیچھے کوئی نہیں۔ عمران خان نے اپنے اوپر حملے میں تین افراد وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور آئی ایس آئی کے ایک اہم عہدے دار کو ذمے دار ٹھہرایا اور ایف آئی آر میں ان کا نام شامل کرانے کی کوشش کی۔
جس کی وجہ سے ایف آئی آر کے اندراج کا معاملہ کئی دن لٹکا رہا۔ ابتدائی تفتیشی رپورٹ بالآخر سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس کی مدعیت میں سات نومبر کو درج ہوئی۔ تاہم اس میں پی ٹی آئی کی طرف سے نام زد تینوں عہدے داروں کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
4 نومبر
میر بلخ شیرمزاری وفات پا گئے
سابق نگراں وزیراعظم اور مزاری قبیلے کے سردار میربلخ شیرمزاری طویل علالت کے بعد 95 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
وہ 1928ء میں کوٹ کرم خان میں مزاری قبیلے کے چھٹے میر، مراد بخش خان مزاری کے ہاں پیدا ہوئے۔ 1945ء میں ایچی سن کالج سے تعلیم مکمل کی۔ انہیں 1993ء میں نگران وزیراعظم تعینات کیا گیا، جب کہ وہ کئی مواقع پر قومی اور صوبائی اسمبلی کے صدر منتخب ہوتے رہے۔
5 نومبر
نازیبا ویڈیو بنانے کا الزام
اعظم سواتی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی اپنی اہلیہ کے ساتھ ویڈیو، ان کی فیملی کو بھیجی گئی۔ اعظم سواتی آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ نازیبا ویڈیو پر اتنا شرمسار ہوں کہ اپنے بچوں کا سامنا نہیں کر سکتا۔
اس واقعے کی تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے وابستہ سیاست دانوں نے بھی شدید مذمت کی۔ ایف آئی اے حکام نے کہا کہ اعظم سواتی کی پھیلائی جانے والی مبینہ ویڈیو جعلی ہے۔
8 نومبر
سینیٹر مصطفٰی نواز مستعفی
سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو کے معاملے پر اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہیں پیغام دیا گیا کہ پارٹی قیادت ان کے موقف سے خوش نہیں اور ان کا استعفٰی چاہتی ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ بطور سیاسی کارکن عوامی مفاد کے معاملے میں انہیں اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے بخوشی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
8 نومبر
گلوکار ظفر رامے کا انتقال
معروف گلوکار ظفر رامے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان، ٹی وی اور فلم کے لیے کئی گیت ریکارڈ کرائے۔ 2016ء میں انہیں بہترین گلوکار کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
9 نومبر
اذلان شاہ کپ میں تیسری پوزیشن
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے ایشین چمیپئن جاپان کو 5-3 سے شکست دے کر برانز میڈل حاصل کیا۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان نے گیارہ سال بعد وکٹری اسٹینڈ پر جگہ پائی۔ اذلان شاہ کپ میں چھے ٹیموں ملائیشیا، جاپان، پاکستان، کوریا، جنوبی افریقہ اور مصر نے شرکت کی۔
18 نومبر
مفتی رفیع عثمانی کا انتقال
ممتاز عالم دین محمد رفیع عثمانی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی تھے۔ آپ 21 جولائی 1936ء کو متحدہ ہندوستان میں واقع شہر دیوبند میں پیدا ہوئے۔ آپ مفتی اعظم پاکستان مفتی شفیع عثمانی کے بڑے صاحب زادے تھے۔ آپ 30 سے زائد کتابوں کے مصنف، مفسر قرآن اور فقیہہ تھے۔
19 نومبر
کامیڈین طارق ٹیڈی دنیا سے رخصت
تھیٹر کی دنیا میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے نام ور کامیڈین طارق ٹیڈی جگر اور سانس کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد 46 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ طارق ٹیڈی 1976ء میں فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور 1990ء سے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے بہترین ڈراموں میں ماما پاکستانی، سب سے بڑا روپیہ، جی کردا، دوستی شامل ہیں۔
20 نومبر
فٹ بال ورلڈکپ 2022ء
20 نومبر سے 18دسمبر تک فٹ بال ورلڈکپ 2022ء کا انعقاد ہوا۔ قطر نے اس بین الاقوامی مقابلے کی تیاری ایک دہائی سے شروع کر رکھی تھی۔
اس طرح فٹ بال ورلڈکپ کے میزبان کے طور پر قطر کو مسلم اور عرب دنیا کا پہلا ملک بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس عالمی ٹورنامنٹ میں 32 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ 29 دنوں کے دورانیے میں 64 میچ ہوئے، پانچ شہروں کے آٹھ اسٹیڈیمز میں یہ مقابلے کرائے گئے۔
ٹورنامنٹ کے شان دار انعقاد سے قطر دنیا بھر کی توجہ اور اپنی نیک نامی حاصل کرنے میں کام یاب ہوا۔ قطر اور ایکواڈور کے پہلے میچ سے قبل شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اس عالمی ٹورنامنٹ میں کئی دل چسپ، سنسنی خیز میچ اور کچھ اپ سیٹ دیکھنے کو ملے۔
22 نومبر کو سعودی عرب نے حیران کن طور پر ارجنٹائن جیسی فیورٹ ٹیم کو 2-1 سے شکست دی۔ تاریخی کامیابی پر سعودی عرب میں جشن کا سماں تھا اور اس خوشی میں ولی عہد محمد بن سلمان نے اگلے دن عام تعطیل کا اعلان کیا۔
30 نومبر کو ایک اور اپ سیٹ تیونس نے کیا، جب اس نے دفاعی چمپئین فرانس کو 1-0 سے شکست دی۔ جاپان نے جرمنی کو 2-1 سے مات دی اور پھر اسپین سے بھی جیت کر راؤنڈ 16 میں رسائی پائی۔ ورلڈکپ میں مراکش نے خوب دھوم مچائی اور بڑی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچی۔
پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے کروشیا کو 3-0 سے زیر کیا، دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کے افسانوی سفر کا 2-0 سے اختتام کیا۔ فائنل کے اعصاب شکن مقابلے میں اضافی وقت تک سکور تین، تین گولز سے برابر رہا، پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ارجنٹینا نے فرانس کو 4-2 سے شکست دے کر ورلڈکپ اپنے نام کیا۔
24 نومبر
نئے آرمی چیف کا تقرر
حکومت نے نئے آرمی چیف کے لیے فوج کے سنیئر ترین جنرل، عاصم منیر کا تقرر کر دیا، جس سے کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے جنرل باجوہ کی مدت ملازمت ختم ہونے پر 29 نومبر کو چارج سنبھالا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کیے گئے۔ وزیراعظم کی سمری پر صدر عارف علوی نے نئی تقرریوں کی منظوری دے دی۔
24 نومبر
اسماعیل تارا انتقال کر گئے
ٹی وی، اسٹیج اور فلم کے معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انہوں نے پی ٹی وی کے مشہور مزاحیہ پروگرام 'ففٹی ففٹی' سے شہرت حاصل کی۔
27 نومبر
آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات
31 برس کے بعد آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تین اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور دارالحکومت مظفرآباد میں الیکشن ہوئے۔ تین مراحل میں یہ انتخابات مکمل ہوئے۔
2 دسمبر
کابل، پاکستانی سفارتخانے پر حملہ
کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں سفارتی عملے پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے وقت ناظم الامور عبیدالرحمان نظامانی چہل قدمی کر رہے تھے، وہ حملے میں محفوظ رہے، لیکن ایک پاکستانی سیکیوریٹی گارڈ سپاہی اسرار محمد کو گولیاں لگیں جنہیں علاج کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا۔ پاکستان نے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے ساتھ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صحافی عمران اسلم، اداکار افضال احمد چل بسے
سنیئر صحافی عمران اسلم 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے 1980ء کی دہائی میں صحافت کا باقاعدہ آغاز کیا اور کئی موقر جریدوں میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دیے۔ 2015ء سے جنگ گروپ اور جیو ٹی وی نیٹ ورک کے گروپ صدر تھے۔ انہوں نے 60 سے زائد ڈرامے لکھے جو ٹی وی اور اسٹیج کی زینت بنے۔
دو دسمبر کو ہی نام ور اداکار افضال احمد طویل علالت کے بعد لاہور کے ایک اسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے۔ 20 برس پہلے فالج کے حملے کی وجہ سے ان کی نقل و حرکت محدود ہوچکی تھی۔ انہوں نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران تھیٹر، ٹی وی اور فلم میں اپنی بے مثال اداکاری کی وجہ سے نام کمایا۔
6 دسمبر
ارشد شریف قتل کا پاکستان میں مقدمہ درج
سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی پولیس نے معروف صحافی ارشدشریف کے قتل کا مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی ار اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ایس ایچ او سب انسپکٹر رشید احمد کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں تین افراد خرم، وقار احمد، طارق احمد کو نام زد جب کہ کچھ افراد کو نامعلوم ظاہر کیا گیا۔ اس سے اگلے دن 7 دسمبر کو سپریم کورٹ نے پولیس کی جے آئی ٹی مسترد کرتے ہوئے نئی اسپیشل جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا۔
8 دسمبر
ڈیلی میل کی معذرت
برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' نے وزیراعظم شہبازشریف سے متعلق اپنی تین سالہ پرانی خبر پر معذرت کرلی۔ 14 جولائی 2019ء کی خبر میں قومی احتساب بیورو (نیب) کا حوالہ دیتے ہوئے شہبازشریف پر 2005ء کے زلزلہ متاثرین کی امداد چوری کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اخبار نے تسلیم کیا کہ اس معاملے میں نیب نے شہبازشریف پر خوردبرد کا الزام کبھی عائد نہیں کیا۔ اخبار نے اپنی ویب سائٹ سے یہ پرانی خبر بھی ہٹا دی۔
9 دسمبر
ریکوڈک معاہدہ قانونی قرار
سپریم کورٹ نے ریکوڈک منصوبہ کے نئے معاہدے کو قانونی اور ماحولیاتی اعتبار سے درست قرار دیتے ہوئے اس کی توثیق کردی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ معاہدے میں کوئی غیرقانونی شق شامل نہیں ہے اور معاہدہ کرنے سے قبل بلوچستان اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد پاکستان10 ارب ڈالر جرمانے سے بچ گیا۔
11 دسمبر
چمن بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ
افغان بارڈر فورسز نے چمن بارڈر پر پاکستان کی شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس میں پاکستان کے چھے شہری شہید اور 17 زخمی ہوئے۔ چار زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی۔ پاکستانی فورسز نے جارحیت کا موثر جواب دیا تاہم علاقے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے سرحد پر لگی خاردار باڑ کو کاٹنے کی کوشش کی گئی، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ پاکستان نے کابل میں افغان طالبان سے رابطہ کرکے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔
12 دسمبر
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما کا قتل
نامعلوم حملہ آوروں نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سنیئر راہ نما سردار محمد اشرف کاکڑ کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ جب وہ لورالائی شہر جانے کے لیے اپنی گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ گھر سے باہر نکلے تو گھات لگائے بیٹھے دہشت گردوں نے ان پر فائر کھول دیا، وہ اس جان لیوا حملے میں جانبر نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اسے ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیتے ہوئے ایف آئی ار درج کرلی۔اسے ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیتے ہوئے ایف آئی ار درج کرلی۔
15 دسمبر
بلاول بھٹو کے بیان پر بھارت سیخ پا
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارتی وزیرخارجہ نے پاکستان پر اسامہ بن لادن کی میزبانی اور دہشت گردی پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے جواب میں نیویارک میں موجود پاکستانی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں کہا،''میں بھارتی وزیرخارجہ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے، جب کہ 'گجرات کا قصائی' نہ صرف زندہ بلکہ بھارت کا وزیراعظم ہے، جس پر وزیراعظم بننے سے پہلے امریکا میں داخلے پر پابندی تھی۔'' اس بیان کو جہاں پاکستانیوں نے سراہا، وہاں بھارت میں حکم راں جماعت اور اس کے کارکنوں نے احتجاج اور اپنے غصے کا اظہار کیا۔
16 دسمبر
اظہر علی نے ریٹائرمنٹ لے لی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا۔ 2018ء میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوئے، انہوں نے نو ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی۔ گزشتہ دہائی میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے وہ واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔
17 دسمبر
پنجاب، پختونخوا اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان
عمران خان نے لبرٹی چوک، لاہور میں تحریک انصاف کے حامیوں سے ویڈیو لنک خطاب کیا، ان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہی اور وزیراعلیٰ خیبرپختنونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے 23 دسمبر کو دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا، تاکہ وفاقی حکومت پر ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
20 دسمبر
بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
18 دسمبر کو بنوں کینٹ کے اندر واقع سی ٹی ڈی کمپلیکس میں ایک زیرحراست دہشت گرد نے ڈیوٹی کانسٹیبل کو قابو کرکے اس کا اسلحہ چھیننے کے بعد دیگر زیرحراست 34 ساتھیوں کو آزاد کرا لیا۔ حوالات سے نکلتے ہی دہشت گردوں نے مال خانہ سے مزید اسلحہ حاصل کیا اور فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے ایک سی ٹی ڈی کانسٹیبل کو شہید، دوسرے کو زخمی کیا جس نے بعدازاں اسپتال میں جام شہادت نوش کیا۔ دہشت گردوں نے وہاں موجود جونیئر کمیشنڈ افسر کو یرغمال بنا لیا۔ فائرنگ کی آوازیں آتے ہی سیکیوریٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کا گھیرا کر لیا۔ اگلے دو دن دہشت گردوں کے غیرمشروط سرنڈر کے لیے کاوشیں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرنڈر نہ کرنے پر 20 دسمبر کو فورسز نے طوفانی ایکشن کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے، تین گرفتار ہوئے، سات نے سرنڈر کیا۔ تمام یرغمالیوں کو آزاد کرا لیا گیا، آپریشن کے دوران فوج کے تین سپوت شہید ہوئے۔
21 دسمبر
معروف گلوکارہ بلقیس خانم کا انتقال
اپنے عہد کی منفرد گلوکارہ بلقیس خانم طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ انہوں نے ریڈیو، ٹی وی اور فلموں کے اکثر مقبول گیت گئے ۔
انہوں نے گائیکی کا آغاز بہت کم عمری میں کیا تھا ۔ ان کے مشہور گانوں میں 'انوکھا لاڈلا' ، ' کچھ دن تو بسو میری آنکھوں میں ' جیسے مقبول گیت شامل ہیں ۔
بلقیس خانم کے شوہر معروف ستار نواز استاد رئیس خان کا بھی کلاسیکی موسیقی میں بڑا نام تھا۔ لواحقین میں ان کے صاحبزادے استاد فرحان رئیس، بلقیس خانم کے ساتھ رہتے تھے اور اپنے والد کے جانشین کی حیثیت سے سرگرم تھے۔ بلقیس خانم کے ایک بھائی محسن رضا بھی موسیقار کی حیثیت سے اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں۔
22 دسمبر
پنجاب کابینہ تحلیل، پھر بحال
تحریک انصاف کے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد، حکمران اتحاد پی ڈی ایم نے اس عمل کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔
چنانچہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی پارٹی اور اراکین اسمبلی کا اعتماد کھو چکے اور انہیں 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں گورنر نے اگلے دن شام چار بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا۔
اگلے دن یعنی 21 دسمبر کو سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک اجلاس جاری ہو تو نیا نہیں بلایا جا سکتا۔ موجودہ اجلاس سپیکر کا طلب کردہ ہے، جسے گورنر ختم نہیںکر سکتا۔
اگلے روز 22 دسمبر کو گورنر نے سپیکر کی رولنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے مقررہ دن اور وقت پر اعتماد کا ووٹ لینے سے گریز کیا۔
چنانچہ گورنر پنجاب نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پرویز الہی کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے پنجاب کابینہ بھی تحلیل کر دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کابینہ تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔ گورنر کے اس اقدام پر پی ٹی آئی نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرویز الہی اور ان کی کابینہ کو بحال کر دیا۔ تاہم عدالت نے وزیراعلیٰ پرویزالہی سے تحریری بیان حلفی لیا کہ وہ اعتماد کا ووٹ لینے سے پہلے اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے۔
کرکٹ بورڈ میں تبدیلی
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ اور کرکٹ بورڈ کے 2014ء کے آئین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کاچیئرمین مقرر کیا، یہ کمیٹی 2014ء کے آئین کے مطابق گورننگ بورڈ کی بحالی اور اس کے مطابق چیئرمین کے انتخاب تک اپنا کام کرے گی۔ اس طرح پی سی بی کے معاملات نجم سیٹھی کے کنٹرول میں آ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں اگست 2019ء میں پی سی بی کا نیا آئین منظور ہونے سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کر دی گئی، جس کے باعث سیکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہوئے۔ عمران خان نے بحالی کے لیے کرکٹرز کی اپیل کو بھی مسترد کر دیا تھا۔
نجم سیٹھی کی سربراہی میں منیجمٹ کمیٹی نے سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم کو ان کے عہدے سے ہٹا کر عبوری سلیکشن کمیٹی قائم کی، جس میں شاہد آفریدی کو چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا ۔ عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم کو بھی عبوری سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا۔
25 دسمبر
بلوچستان میں پانچ فوجیوں کی شہادت
بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک کیپٹن سمیت پانچ فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر 24 دسمبر 2022ء سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں ایک کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔ 25 دسمبر کو آپریشن کے دوران لیڈنگ ٹیم کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کیپٹن فہد خان سمیت فوج کے چار دیگر سپوتوں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران، اور سپاہی شمعون نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔
اس دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن فہد خان کی نماز جنازہ اگلے دن آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، شہید کے لواحقین، فوجی جوانوں اور شہریوں نے شرکت کی۔
29 دسمبر
عظیم فٹ بالر پیلے انتقال کر گئے
دنیائے فٹ بال کے بہترین اور مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک، برازیلین اسٹار فٹ بالر ایڈسن آرانٹے ڈونیسیمنٹو عرف پیلے طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ 2000ء میں فیفا نے انہیں صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔
انہوں نے اپنے 21 برس کے کیریئر میں 1363 میچوں میں 1281گول کیے۔ وہ 1958ء ، 1962ء اور 1970ء میں تین بار ورلڈکپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہیں برازیل کا وزیرکھیل بھی بنایا گیا۔ حالیہ کچھ برسوں میں وہ مختلف امراض کی وجہ سے زیرعلاج تھے۔