کورنگی تیزاب گردی کے واقعے میں ملوث ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
ملزمان نے رشتہ دینے سے انکار کرنے پر ایک روز قبل تین بہن بھائیوں پر تیزاب پھینکا تھا
شہر قائد کے علاقے کورنگی میں تیزاب گردی کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، دونوں ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شب باغ کورنگی کے قریب ملزمان نے رشتے کے تنازع پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے صائمہ ، سائرہ اور وقاص نامی نوجوان جھلس گئے تھے، تینوں افراد بہن بھائی ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ واقعہ رشتے کا تنازع ہے اور ان کا عامر نامی لڑکے سے اس معاملے پر جھگڑا بھی ہوا تھا۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ پولیس کو عامر اور اس کے ساتھی سہیل کی ملیر ندی کے قریب موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس پارٹی فوراً موقع پر پہنچی تو وہاں موجود دونوں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں رشتے سے انکار پر سفاک شخص نے بہن بھائیوں پر تیزاب پھینک دیا
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے جنھیں گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔