اتوار کی سرکاری تعطیل پر پیر کو چھٹی نہ دینے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
تعطیل اتوار کو ہوتو پیر کو دنیا بھر میں چھٹی ہوتی ہے،درخواست/ایسا کرنے میں رکاوٹ نہیں، مناسب حکم جاری کریں گے، عدالت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرسمس اور قائد ڈے اتوار کو آنے پر پیر کو چھٹی نہ کرنے دینے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وفاقی وزیر جے سالک کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں درخواست گزار جے سالک اپنے وکیل خاور امیر بخاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 25 دسمبر قائد ڈے اور کرسمس کی چھٹی بھی ہوتی ہے ، 25 دسمبر عام تعطیل کو اتوار آجائے تو پیر کو چھٹی کا دن قرار دیا جائے کیونکہ دنیا بھرمیں پریکٹس ہے، اتوارکو عام تعطیل ہو تو اسے لمبا چھٹیوں کا ہفتہ (لانگ ویک اینڈ ) کے طورپرمنایا جاتا ہے۔
عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ کہا کہ ایسا کرنے میں کوئی رکاوٹ تو نہیں ہے؟ اس پر مناسب ہدایات جاری کریں گے۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔