تاجروں کی بندرگاہوں پر پھنسے 5700 درآمدی کنٹینرز کی ریلیز کیلیے جدوجہد شروع
کراچی چیمبر آف کامرس نے اراکین سے ٹرانزٹ میں زیر التوا درآمدی تفصیلات طلب کرلیں
بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے 5700 درآمدی کنٹینرز پر مشتعل تاجر و برآمد کنندگان کو ریلیف دلوانے کی جدوجہد شروع ہوگئی، کراچی چیمبر آف کامرس نے اراکین سے ٹرانزٹ میں زیر التوا درآمدی تفصیلات طلب کرلیں۔
ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی چیمبر کی انتظامیہ نے اپنے ممبران کو لنک کے ذریعے فارمیٹ جاری کردیا ہے اور لنک کے ذریعے ہی اپنے ممبران سے تفصیلات طلب کی ہیں جو کہ جمع کرکے اسٹیٹ بینک کو دی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی چیمبر 18 جنوری 2023ء تک زیرالتوا امپورٹ کیسز کا ڈیٹا اسٹیٹ بینک کو فراہم کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر رکے ہوئے درآمدی کنٹینرز ریلیز کرنے کے مشترکہ فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد خراب ہونے والی اور ضروری اشیاء جن فوڈ آئٹمز بھی شامل کے درآمدی کنٹینرز کو پہلے ریلیز کیا جائے گا اور ساتھ ہی سپلائر کریڈٹ یا بیرونی خریداروں کی جانب سے موخر ادائیگیوں کی پیشکشوں کے حامل کنٹینرز کو بھی ریلیز کرنے میں ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی چیمبر نے اپنے مرتب کردہ فارمیٹ میں سپلائر کریڈٹ اور ادائیگیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ ممبران سے درآمدی کنسائمنٹ کی ویلیو اور کرنسی کا نام بھی طلب کیا گیا ہے۔
فارمیٹ میں ٹرانزیکشن کی نوعیت، شپمنٹ اور ادائیگیوں کی مقررہ تاریخ کی معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔ ممبران سے ان کے سپلائر کا نام بینک برانچ اور شہر کا بھی پوچھا کیا گیا ہے۔