آئی ٹی ہنرمندوں کی کیریئر کونسلنگ کیلیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پورٹل متعارف

نوجوانوں کو اپنے کیریئر سے متعلق فیصلے کرنے اور روزگار کی تلاش میں آسانیاں ملیں گی، وفاقی وزیر آئی ٹی


Khususi Reporter January 19, 2023
(فوٹو فائل)

حکومت نے آئی ٹی ہنرمندوں کی کیریئر کونسلنگ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پورٹل متعارف کروا دیا۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کا تیارکردہ پورٹل آئی ٹی ہنرمندوں کو کیریئر کونسلنگ فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ منتخب کرنے والے نوجوانوں کو اکثر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان کے لیے مستقبل میں کون سا شعبہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پورٹل سے نوجوانوں کو اپنے کیریئر سے متعلق فیصلے کرنے اور روزگار کی تلاش میں آسانیاں ملیں گی۔ بوٹنوسٹک سولوشنز کےتعاون سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کیریئر کونسلنگ کی سہولت ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی یہ کاوش اسی سلسلے کی کڑی ہے اور ہماری خواہش ہے کہ آئی ٹی کی کھربوں ڈالر کی عالمی صنعت سے پاکستان کو باوقار حصہ ملے۔ اس پورٹل کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی انڈسٹری کو موزوں امیدوار بھی مل سکیں گے۔

امین الحق نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ ڈھائی ارب ڈالرز ہے، ہمیں کم از کم 15 ارب ڈالرز کا ہدف حاصل کرنا ہے، جس کےحصول کے لیے ملک بھر میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اورفری لانسنگ تربیت کے لیے کام کررہے ہیں۔ آئی ٹی انڈسٹری میں پاکستان کا سارا قرضہ اتارنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کی صلاحیت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں