حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھرمیں 80 فیصد اینٹوں کے بھٹے بند
صرف پنجاب میں 11 ہزار اینٹوں کے بھٹے ہیں جن میں سے 8 ہزار بند ہوچکے، بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن
موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور عدم دلچسپی کی وجہ سے ملک بھر میں 80 فیصد اینٹوں کے بھٹے بند ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے وفد نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور بھٹہ انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں تعمیراتی شعبہ اس وقت تنزلی کا شکار ہے۔ مہنگائی اور بیروگاری کی وجہ سے تعمیراتی شعبوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اینٹوں کے بھٹے جو تعمیراتی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بڑی تیزی سے بند ہورہے ہیں۔
بھٹہ مالکان کے مطابق کوئلے کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے سے اینٹوں کی تیاری کی لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے، اس وقت ایک ہزار اینٹ کی لاگت بھٹہ مالک کو 11 سے 12 ہزار روپے میں پڑتی لیکن وہ 9 سے 10 ہزار روپے میں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل مہر عبد الحق نے بتایا کہ ملک میں سیاسی اورمعاشی عدم استحام کی وجہ سے تعمیراتی شعبہ متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے بھٹے بھی بند ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 11 ہزار اینٹوں کے بھٹے ہیں جن میں سے 8 ہزار بند ہوچکے جبکہ جو تین ہزار چل رہے ہیں ان کے لیے بھی اخراجات برداشت کرنا مشکل ہورہا ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے بھٹہ مالک رانا سبحان کہتے ہیں لوگ اس وقت سونا اورڈالر خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے کنسٹرکشن کا کام بند ہوگیا ہے،بھٹے پر ڈیڑھ سو سے زیادہ مزدور تھے جن میں سے آدھے اب فارغ بیٹھے ہیں، ہم خسارے کا کاروبار نہیں کرسکتے، بھٹہ مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، حکومت نے وعدوں کے باوجود کوئی ریلیف دیا ہے نہ ہی بینکوں سے قرض کی سہولت دی گئی ہے۔
پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے 20 رکنی وفد ایسوسی ایشن کے سربراہ شعیب خان نیازی کی سربراہی میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی کی ہے۔ وفد نے جہاں عمران خان کی خیریت دریافت کی اور ان سے اظہاریکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھٹہ انڈسٹری کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
وفد میں ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مہر عبدالحق، بلوچستان کے صدرنعمت اللہ خا سندھ کے صدر امین اللہ خان، َخیبرپخونخوا کے صدر خیر محمد سمیت رانا محمد سبحان، اظہر خان ملتان، سجادشاہی، ملک عطا اللہ گنجیال،میاں اکرم سمیت دیگر شامل تھے۔
شعیب خان نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں تعمیراتی شعبے کو فروغ ملا جس سے بھٹہ انڈسٹری میں بھی بہتری آئی، لاکھوں روپے خرچ کرکے بھٹوں کو زگ زیگ طریقہ کار پر منتقل کیا گیا لیکن اب اس شعبے کا بٹھہ بیٹھ گیا ہے۔
عمران خان نے وفد کویقین دلایا کہ دوبارہ تحریک انصاف برسراقتدار آئے گی اور بھٹہ انڈسٹری، تعمیراتی شعبے کو فروغ اور ترقی ملے گی۔