سابق صدر جنرل ر پرویز مشرف کراچی میں سپرد خاک
نماز جنازہ میں سابق آرمی چیفس، عسکری قیادت، سیاسی اور سماجی شخصیات کی شرکت
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو کالا پل کے قریب قائم فوجی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا، تدفین فوجی اعزازکے ساتھ کی گئی، نمازجنازہ میں سابق آرمی چیف قمرجاوید باجوہ،ریٹائرڈ و حاضرسروس اعلی فوجی افسران،پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری،ایم کیوایم کے وفد نے شرکت کی۔
سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی نمازجنازہ ملیرکینٹ کراچی کے پولوگراونڈ میں بعد نمازظہر ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، سابق آرمی چیف جنرل(ر)قمرجاوید باجوہ، جنرل(ر)اشفاق پرویزکیانی،سابق ڈی آئی ایس آئی شجاع پاشا،ظہیرالاسلام،آرمی،نیوی اورایئرفورس کے حاضرسروس وریٹائرڈافسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سابق صدر پرویز مشرف کے صاحبزادے بلال مشرف بھی موجود تھے۔ جبکہ ایم کیو ایم کنونیئر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیرامین الحق، مصطفی کمال،فروغ نسیم اورڈاکٹرفاروق ستار، رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری،سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل،سابق گورنر معین الدین حیدر شرکت تھے۔
نمازجنازہ کے بعد مرحوم صدرکے جسد خاکی کوکالا پل کے قریب فوجی قبرستان لایا گیا اور فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔ پاک فوج کے سابق سپہ سالار(ر) جنرل پرویزمشرف 5 فروری کودبئی میں طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمرمیں خالق حقیقی سے جاملے تھے۔