آن لائن ٹکٹوں سمیت ریلوے نے پورا نظام رابطہ ایپ پر منتقل کر دیا
مسافر ایک ایپ کے ذریعے ٹیکسی، پارسل بکنگ، کھانے، ہوٹل بکنگ کر سکیں گے، وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کا سارے کا سارا ٹکٹوں کا نظام رابطہ ایپ پر چلا جائے گا جس کے ذریعے 5 سے7 فیصد منافع میں اضافہ ہوگا۔
آٹو میٹک بکنگ اینڈ ٹریول اسسٹنٹ ایپ ''رابطہ'' متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ رابطہ ایپ کے لیے ریلویز اور دو چینی کمپنیوں سے معاہدہ ہوا ہے، ہم سمجھتے ہیں رابطہ ایپ کا محکمہ ریلوے کو فائدہ ہوگا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسافر ایک ایپ کے ذریعے ٹیکسی، پارسل بکنگ، کھانے، ہوٹل بکنگ کر سکیں گے اور اگر ایمرجنسی کال ہوگی تو اسے فوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ 50 لاکھ سے اوپر ٹکٹیں فروخت ہوں گی تو پروفٹ کا شیئر ملے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ایک گرین لائن سے کام نہیں بنے گا سال میں چار سے پانچ ٹرین کو اپ گریڈ کرسکتے ہیں البتہ اے سی کو اکانومی نہیں کر سکے کیونکہ نقصان ہی بہت ہوا ہے۔ آنے والے دنوں میں ہر ٹرین پر بوگی نمبر پرنٹڈ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سبّی ہرنائی سیکشن پر سیکیورٹی کے مسائل ہیں لیکن وہاں فوج و سیکیورٹی ایجنسی نے تحفظ دیا، گوادر میں ریلویز کی کافی جگہ موجود ہے وہاں افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پینشن تنخواہوں کی مشکلات میں راستہ ضرور نکلے گا، ہمیں وفاق پیسے دے گا کیونکہ سیلاب میں سات ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ ریلویز کی شاپس کا ٹینڈر ہونے لگے گا لیکن ایک پالیسی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون پر ریلوے کی سوچ میں بدلاؤ آیا ہے جس پر مرکزی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے، ایم ایل ون کی کاسٹ کٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ اتنا بڑا قرض حاصل نہیں کر سکتے، 9.8ملین کا قرضہ تو لے لیں گے لیکن واپس کیسے کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مہنگی شاپنگ کے قابل نہیں ہیں اس لیے ایم ایل ون 9.8ملین کے بجائے کم قرض پر لینا چاہتے ہیں، ایم ایل ون پر پندرہ دن میں مشاورت مکمل کرلیں گے۔
سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لوکو موٹیو پر ٹریکر کا چینی کمپنی سے مسئلہ تھا جسے حل کیا جا رہا ہے، کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کریں گے اور رائل پام معاملے پر سپریم کورٹ میں رائے دیں گے۔
وزیر ہوا بازی نے کہا کہ ایئر ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی کے معاملے پر وفاق سے بات کریں گے، یورپ اور برطانیہ فلائٹس بحالی پر یو کے ساتھ بات چیت پر قریب آگئے ہیں، امید ہے کہ یو کے کی فلائٹس بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے، یورپ فلائٹس کھل جاتی ہیں تو ایئر لابی کو نقصان ہوگا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ احمقانہ بیانات سے پی آئی اے کو نقصان پہنچایا گیا، ملک کے حالات میں نے نہیں کیے لیکن جب سازشیں سے حکومتیں اکھاڑیں گے تو پھر یہی حالات رہیں گے، ہم تو فائر فائٹنگ کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیں گے۔
قبل ازیں، پاکستان ریلوے اور چین کی دو کمپنیوں کے درمیان ٹکٹوں کی فروخت کا معاہدہ طے پایا جسے رابطہ کا نام دیا گیا ہے۔ معاہدے کے وقت وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، چیف ایگزیکٹو آفسیر سلمان صادق شیخ و دیگر افسر بھی موجود تھے۔
معاہدے کی رو سے مسافروں کو آن لائن ٹکٹوں کی فراہمی ممکن ہوگئی ہے، مفاہمتی معاہدے کے بعد مسافروں کو سفری سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔