کراچی میں کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم مانسہرہ سے گرفتار
واقعہ کراچی کے علاقے قائد آباد میں 18 نومبر کو پیش آیا تھا، جس کے بعد ملزم مانسہرہ فرار ہوگیا تھا
شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں کمسن بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والا درندہ صفت ملزم کو خیبر پختونخواہ کے علاقے مانسہرہ سے گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عرب مہر نے بتایا کہ گزشتہ سال 18 نومبر کو قائد آباد کے علاقے سے 7 سالہ منیبہ کی لاش ملی تھی جسے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کرتے ہوئے مشتبہ افراد کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جس میں ملزم شیر رحمٰن عرف کاکا منے واردات کا ملزم نکلا جو کہ واردات کے بعد موقع سے فرار ہو کر ڈسٹرکٹ ماہنسرہ خیبر پختونخوا چلا گیا تھا۔
انویسٹی گیشن پولیس ملزم کے تعاقب میں رہی اور اس کی تمام تفصیلات سے خیبر پختونخوا پولیس سے بھی شیئر کیں اور انھوں ںے کمسن منیبہ کو اغوا کے بعد زیادتی اور اسے قتل کرنے میں ملوث اہم ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی اطلاع ملنے پر کراچی سے انویسٹی گیشن کی ٹیم روانہ ہوگئی ہے جو کہ ملزم کو اپنی تحویل میں لیکر واپس کراچی پہنچے گی جس کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کیا جائیگا۔