پختونخوا ضمنی الیکشن پی ٹی آئی نے مستعفی ارکان دوبارہ میدان میں اتار دیے

پرویز خٹک کے بیٹی اسماعیل خٹک نے بھی کاغذات جمع کرا دیے، قبائلی ضلع سے باپ بیٹا اور کوہاٹ سے چچا بھتیجا بھی میدان میں


احتشام بشیر February 09, 2023
(فوٹو فائل)

صوبہ خیبر پختون خوا کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے مستعفی ارکان ہی کو ایک بار پھر میدان میں اُتار دیا۔

قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے،جس میں پی ٹی آئی نے مستعفی ارکان ہی کو میدان میں دوبارہ اتارا جب کہ دوسری جماعتیں بھی آزمودہ امیدواروں ہی کو سامنے لائی ہیں۔ ضلع خیبرسے باپ بیٹا اور کوہاٹ سے چچا بھتیجا بھی ضمنی الیکشن میں امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 8 نشستوں پر ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہونے جارہے ہیں جس کے لیے کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے۔

فہرست کے مطابق این اے 4 سوات سے 9 امیدوار ، اے این 38 ڈی آئی خان سے 13، این اے 17 ہری پور سے 8، این اے 18 صوابی سے 11، این اے 31 کوہاٹ سے 9، این اے 25 نوشہرہ سے 9، این اے 43 خیبر سے 10 امیدوار سامنے آئے ہیں۔

صوبے میں قومی اسمبلی کی خالی نشتوں پر ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف سے مستعفی ارکان اسمبلی دوبارہ میدان میں آئے ہیں، جن میں مرادسعید، اسد قیصر، پرویزخٹک، شہریار آفریدی، پیر نورالحق قادری، عمر ایوب اور عمران خٹک شامل ہیں جو ایک بار پھر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ابتدائی فہرست کے مطابق پرویزخٹک کے بیٹے اسماعیل خٹک نے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں۔ قبائلی ضلع خیبر سے باپ بیٹا شاہ جی گل آفریدی اور بلاول آفریدی بھی امیدوار ہیں جب کہ کوہاٹ سے چچا بھتیجا بابر عباس آفریدی اور بابر عظیم آفریدی بھی امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔