ترکیہ زلزلہ حکومت پر اعتبار نہیں اسلیے ایک ماہ کی تنخواہ نہیں دوں گا اکبر چترالی

مجھےاعتماد نہیں، میں اپنی تنخواہ الخدمت فاؤنڈیشن کودوں گا، مولانا اکبر چترالی


ثاقب ورک February 14, 2023
فوٹو فائل

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے ترکیہ اور شام زلزلے کیلیے حکومت کو ایک ماہ کی تنخواہ نہ دینے کا اعلان کردیا۔

راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی ایک ماہ کی تنخواہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین دینے کا اعلان کیا جبکہ جماعت اسلامی کے رکن مولانا اکبر چترالی نے مخالفت کی۔

مولانا عبد الکبر چترالی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈز میں نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پراعتماد نہیں، میں اپنی تنخواہ الخدمت فاؤنڈیشن کودوں گا۔

اس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مولانا عبدالکبر چترالی کے سوا تمام ارکان نے اپنی تنخواہ رضاکارانہ دینے کااعلان کیا، مولانا چترالی کے سوا سب کی ایک ماہ کی تنخواہ ترکیہ وشام فنڈز میں دی جائیگی۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دینے کی حمایت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلیے فنڈ قائم کیا ہے، جس میں کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ گریڈ 16 سے اوپر کے افسران نے ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں