آئی ایم ایف پاکستان کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج شروع ہونگے
پاکستان گیس، بجلی کی قیمت اور منی بجٹ سمیت تمام کیے گئے پیشگی اقدامات سے آئی ایم ایف کو آگاہ کرے گا
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ جائزہ مشن اور پاکستان کے درمیان آج شام سے ورچوئل مذاکرات شروع ہوں گے۔
وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات کا عملی طور پر آج پہلا دن ہے جس میں پاکستان گیس، بجلی کی قیمت اور منی بجٹ سمیت تمام کیے گئے پیشگی اقدامات سے آئی ایم ایف کو آگاہ کرے گا جب کہ ایف بی آر اور ایس آر اوز سے متعلق بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ تمام دستاویزات آئی ایم ایف سے شیئر کی جا رہی ہیں اور پیشگی اقدامات کے بعد باقاعدہ اسٹاف لیول معاہدے پر بات ہوگی۔
اسٹاف سطع کے معاہدہ کے بعد نواں اقتصادی جائزہ منظوری کے لیے آئی ایم ایف بورڈ میں پیش کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرے گا۔