پنجاب پولیس کو مطلوب ملزمان انٹرپول کی مدد سے دبئی سے گرفتار
پولیس کی ٹیم قتل کے اشتہاری ملزمان کو دبئی پاکستان لے کر پہنچ گئی، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد بیرون ملک فرار ہوگئے تھے
پنجاب پولیس کو قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزمان کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر اندرون ملک و بیرون ملک اشتہاریوں کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کے تحت قتل و اقدام قتل کی دو مختلف بیہمانہ وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزمان علی حسنین اور محمد وحید نیاز کو دبئی سے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب پولیس کی ٹیم دونوں خطرناک اشتہاری ملزموں کو دبئی سے لے کر پاکستان پہنچ گئی۔ ملزم علی حسنین کے خلاف تھانہ علی پور چھٹہ گوجرانوالہ میں قتل اور دیگر دفعات کے تحت کا مقدمہ درج ہے جبکہ ملزم محمد وحید نیاز کے خلاف قتل و اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کے تحت سٹی بورے والہ ضلع وہاڑی میں مقدمات درج ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان جرائم کا ارتکاب کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے جنہیں انٹرپول کے تعاون سے گرفتار کرلیا گیا ہے، آئی جی پنجاب اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزیدموثر اور تیز کرنے کیلئے اس آ پریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جرائم کا ارتکا ب کرکے فرار ہونے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانا پولیس کی ترجیح ہونی چاہیے۔