جولائی تا مارچ برآمدات 19 ارب ڈالر سے تجاوز تجارتی خسارہ 55 فیصد کم ہوگیا

گزشتہ9 ماہ میں ایکسپورٹ6 فیصد بڑھ گئی، درآمدات معمولی اضافے سے 33 ارب، تجارتی خسارہ 13.93 ارب ڈالر تک محدود


Kamran Aziz April 11, 2014
مارچ میں تجارتی خسارہ 12 فیصد گھٹ گیا، برآمدات 6 فیصد بڑھ کر2.26ارب، درآمدات1.5فیصد کمی سے3.63ارب رہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستانی برآمدی شعبے کی مارچ میں بہتر کارکردگی کے باعث رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کی تجارت میں خسارہ 5.49 فیصد سکڑ کر 13ارب 93 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہ گیا جو مالی سال 2012-13 کی اسی مدت میں 14ارب74کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

جولائی سے مارچ 2013 تک پاکستانی برآمدات 19ارب 10 کروڑ 70لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی9ماہ میں 18ارب 1کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھیں، اسی طرح گزشتہ 9 ماہ کے دوران برآمدات میں سال بہ سال 6.06 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران درآمدات کی مالیت 0.86 فیصد کے اضافے سے 33 ارب 3کروڑ80لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات 32ارب75کروڑ60 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق مارچ 2014 میں پاکستانی ایکسپورٹ 6.04 فیصد کے اضافے سے 2 ارب 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہی جو مارچ 2013میں 2 ارب 13 کروڑ 40لاکھ ڈالرریکارڈ کی گئی تھی، اس دوران درآمدی بل 1.55فیصد کی سال بہ سال کمی سے 3 ارب 63 کروڑ ڈالر رہا جبکہ مارچ 2013 میں درآمدات کی مالیت 3ارب68کروڑ70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، اس طرح گزشتہ ماہ 11.98 فیصد کی نمایاں کمی سے تجارتی خسارہ 1ارب36کروڑ70 لاکھ ڈالر ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق فروری کے مقابلے میں برآمدات 4.43 فیصد اور درآمدات 0.83 فیصد زائد رہیں جبکہ تجارتی خسارے میں4.61 فیصد کی کمی آئی، فروری 2014 میں برآمدات 2 ارب 16 کروڑ70لاکھ ڈالر درآمدات 3 ارب 60 کروڑ اور تجارتی خسارہ 1 ارب 43 کروڑ 30لاکھ ڈالر رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں