پنجاب میں سرکاری گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز

گندم کی ممکنہ نئی امدادی قیمت 4 ہزار ہونے اور اوپن مارکیٹ کی قیمت کا فرق کم کرنے کیلیے اضافہ ناگزیر ہے، سرکاری ذرائع


رضوان آصف February 22, 2023
(فوٹو فائل)

پنجاب میں محکمہ خوراک نے نگراں حکومت کو سرکاری گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 4 تجاویز ارسال کردیں۔

تجاویز میں سرکاری گندم کی قیمت فروخت میں730 سے1100 روپے فی من تک اضافے کا کہا گیا ہے جب کہ 20 کلو سرکاری آٹے کی پرچون قیمت میں 360 سے625 روپے تک اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔

صوبے میں سرکاری گندم کی موجودہ قیمت 2300 روپے فی من مقرر ہے جب کہ 20 کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی موجودہ قیمت 1295 اور 10 کلو قیمت 648 روپے ہے۔

محکمہ خوراک نے گندم کی نئی قیمت فروخت 3030 روپے اور 20 کلوسرکاری آٹے کی قیمت 1655 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ گندم کی نئی قیمت 3150 روپے اور سرکاری آٹا تھیلا قیمت 1740 روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی ارسال کی گئی ہے۔

تجاویز کے مطابق گندم کی نئی قیمت3300 روپے اور سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت1848 روپے مقرر کرنے کا کہا گیا ہے۔ گندم کی قیمت فروخت 3400 روپے اور سرکاری آٹے کی قیمت 1920 روہے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں گندم کی موجودہ قیمت 2300 روپے برقرار رکھتے ہوئے سرکاری آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 1134 روپے تجویز کی گئی ہے۔

نگراں کابینہ پیش کردہ تجاویز میں سے ایک کا انتخاب کرے گی۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی ممکنہ نئی امدادی قیمت 4ہزار ہونے اور اوپن مارکیٹ کی قیمت کا فرق کم کرنے کے لیے اضافہ ناگزیر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں