مہوش حیات کبریٰ کی درخواستوں پرایف آئی اے نے پیشرفت رپورٹ جمع کروا دی
عادل فاروق راجہ نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی 4 صفِ اوّل کی اداکاراؤں پر نازیبا الزامات لگائے تھے
سندھ ہائیکورٹ نے اداکارہ اداکارہ مہوش حیات اور کبریٰ خان کی عادل فاروق راجہ کیخلاف درخواستوں کی سماعت پر ایف آئی اے کے جواب کے بعد سماعت ملتوی کردی۔
رپورٹ کے مطابق جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اداکارہ مہوش حیات اور کبریٰ خان کی عادل فاروق راجہ کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
مہوش حیات کے وکیل نے موقف دیا کہ ایف آئی اے نے ابھی تک سوشل میڈیا سے مواد نہیں ہٹایا۔ ناہی کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اداکاراؤں کیخلاف مہم چلانے والے تمام اکاؤنٹس بلاک کرنے کیلئے پی ٹی اے کو معاملہ بھیج دیا گیا ہے۔ یوٹیوب، ٹوئٹر اور انسٹا گرام سمیت دیگر اکاؤنٹس بلاک کرنے کیلئے کہہ دیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے ایف آئی اے والے تو کہہ رہے ہیں ہم کام کر رہیں ہیں۔ پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرائی گئی ہے۔ ایف آئی اے کو اپنے کام کرنے دیں۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت 4 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔
اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ یو ٹیوبر سابق فوجی افسر نے میڈیا انڈسٹری کی چار اداکاراؤں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ان کی تذلیل کی۔ جھوٹے اور من گھڑت الزامات سے ان کی اور دیگر اداکاراؤں کی عزت اور وقار کو مجروح کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ یوٹیوبر عادل فاروق راجہ نے بعد میں ایک اور ویڈیو وضاحت کی اور پہلے والے موقف سے مکر گئے۔ اس دوران درخواست گزار سمیت اداکارہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
درخواست میں مزید کا گیا کہ ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کے لیے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ عادل فاروق راجہ نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی 4 صفِ اوّل کی اداکاراؤں پر نازیبا الزامات لگائے تھے جس پر کبریٰ خان اور مہوش حیات نے یوٹیوبر کے خلاف عدالت عدالت سے رجوع کیا تھا۔