پاکستان اور ازبکستان میں ایک ارب ڈالر کا تجارتی معاہدہ طے پا گیا

دونوں ممالک میں اشیا اورخدمات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جائے، پاک،ازبک بین الحکومتی کمیشن کا تاشقندمیں 8واں اجلاس


APP/Numainda Express February 25, 2023
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی برادارانہ تعلقات ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ازبک وزیر سرمایہ کاری سے گفتگو۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اشیا اور خدمات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک ارب ڈالرکا تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے۔

جمعہ کے روز تاشقند میں ہونے والے پاکستان، ازبکستان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارتی اقتصادی اور سائنسی تکنیکی تعاون کے آٹھویں اجلاس میں دونوں ممالک نے اشیا اور خدمات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کیلیے ایک بلین کے تجارتی معاہدے پر دستخط کیے، فریقین نے پاکستان ازبکستان بین الحکومتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان، ازبکستان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارتی اقتصادی اور سائنسی تکنیکی تعاون کا آٹھواں اجلاس جمعہ کو تاشقند میں منعقد ہوا جس میں زیادہ ترتجارت اور دوطرفہ اقتصادی تعاون سمیت بینکنگ، صنعت و پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل انڈسٹری، توانائی، تیل اور توانائی قدرتی وسائل، نقل و حمل اور مواصلات، زراعت، سیاحت اور ثقافت کی ترقی پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اورازبکستان کے سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کے وزیر لازیز قادرتوف نے کی، 1بلین ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط ہونا ہے جس سے اشیا اور خدمات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور تجارت کے عمل میں بھی آسانی ہوگی۔

اسحاق ڈار نے ازبکستان کی طرف سے آٹوموبائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قدرتی معدنیات کے شعبوں میں بھرپور کام کرنے کا خیرمقدم کیا، کمیشن نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں اسے مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہارکیا۔

ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت وتجارت لازیز قادرتوف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی برادارانہ تعلقات قائم ہے اورپاکستان ازبکستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اورتجارتی شعبہ جات میں تعاون کوفروغ دینے کے طریقوں کاجائزہ لیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں