عمران خان آج اسلام آباد بینکنگ کورٹ اور اسلام آباد کچہری میں پیش ہوں گے
بنکنگ کورٹ یا کچہری میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہوسکتی ہے
عمران خان آج اسلام آباد بینکنگ کورٹ اور اسلام آباد کچہری میں پیش ہوں گے، عمران خان کے خلاف بینکنگ کورٹ اور کچہری میں مجموعی طور پر چار مقدمات زیر التوا ہیں، بنکنگ کورٹ یا کچہری میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہوسکتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست زیر التوا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو کل بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ بینکنگ کورٹ میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہو سکتی ہے بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی۔
تھانہ سنگجانی مقدمہ میں انسداد دہشت گردی عدالت سے عمران خان عبوری ضمانت کرائیں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اس سے قبل عمران خان کی ضمانت عدم حاضری پر خارج کردی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کیس کی سماعت کریں گے۔
توشہ خانہ فوج داری کارروائی کے کیس میں کل عمران خان کا فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد کچہری میں ایڈیشنل سیشن جج نے کل عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔ توشہ خانہ احتجاج پر عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سیشن کورٹ میں سماعت کل ہوگی۔
عدالت نے عمران خان کے کل درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے آخری مہلت دے رکھی ہے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کچہری میں دو کیسز کی سماعت کریں گے۔