قتل اور پولیس مقابلہ دو مجرموں کو 78 اور 71 سال قید کا حکم

ملزمان نے شہری پر قاتلانہ حملہ کیا، شہری نے جان بچانے کے لیے کار بھگائی تو دو شہری جاں بحق ہوئے


کورٹ رپورٹر February 28, 2023
(فوٹو فائل)

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قتل، پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم سہیل عرف لیاقت آباد والا کو مجموعی طور پر 78 اور ملزم کاشف عرف شکیل برگر کو مجموعی طور پر 71 سال قید کی سزا سنادی۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قتل، پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا جس میں استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔

عدالت نے قتل کے جرم میں دو ملزمان کو سزا سنائی۔ ملزم سہیل عرف لیاقت آباد والا کو مجموعی طور پر 78 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے ملزم کو 3 لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ملزم کاشف عرف شکیل برگر کو مجموعی طور پر 71 برس قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے ملزم کو 2 لاکھ اسی ہزار جرمانہ بھی ادا کرنے اور ملزمان کو مقتول کے ورثا کو 2 ، 2 لاکھ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

سرکاری وکیل نے موقف دیا تھا کہ ملزمان نے عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں شہری پر قاتلانہ حملہ کیا تھا، شہری نے جان بچانے کے لیے رفتار تیز کی اور حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان کو سی ٹی ڈی نے چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کیا تھا، ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا تھا، دوران تفتیش ملزمان نے قتل کی واردات کا اعتراف کیا تھا۔

منشیات فروش کو 25 سال قید کا حکم

دریں اثنا ایڈیشنل سیشن جج ملیر نے منشیات کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کو 25 سال قید کی سزا سنادی۔

کراچی ملیر کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج نے منشیات کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ عدالت نے ملزم شاہد کو جرم ثابت ہونے پر 25 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

پولیس کے مطابق ملزم بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر سوار تھا جس کی تلاشی کے دوران ملزم سے 16 کلو چرس برآمد ہوئی تھی۔ ملزم کے خلاف تھانہ میمن گوٹھ میں 16 فروری 2022ء کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں