دوستوں کو پی ایس ایل کا مفت میچ دکھانے والا اہلکار اور نوجوان مشکل میں پھنس گئے
ڈولفن فورس کے اہلکار نے 6 دوستوں کو بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخل کروایا تھا، اہلکار سمیت 7 گرفتار ، مقدمہ درج
قذافی اسٹیڈیم میں دوستوں کو پاکستان سپرلیگ کا میچ مفت دکھانے والے ڈولفن اہلکار کو 7 نوجوانوں سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیڈیم میں مفت میچ دیکھنے کا شوق نوجوانوں کو حوالات لے گیا جبکہ دوستوں کو مفت کرکٹ میچ دکھانے پر ڈولفن اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ لاہورایس ایچ او گلبرگ عمران صادق نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور مفت میچ دیکھنے والوں کو بھی حراست میں لیا۔۔
پولیس حکام کے مطابق ڈولفن اہلکار منور حسین کے خلاف 420 اور 155سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا جبکہ لاہورایس ایچ او گلبرگ نے ڈولفن اہلکار کو ساتھیوں سمیت گیٹ نمبر 5 سے حراست میں لیا۔
لاہورڈولفن اہلکارنے ایک روز قبل قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندر بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میچ کے دوران چھ افراد کی بغیر ٹکٹ انٹری کروائی تھی۔
دوسری جانب ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا نے نوٹس لے کر اہلکار منور کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ڈولفن واقعہ کی مکمل انکوائری کریں گے، جس کی روشنی میں اہلکار کے خلاف مزیر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اختیارات کے ناجائز استعمال پر بلا تفریق کارروائی کیجائے گی۔