لاہور ہائیکورٹ عمران خان کی 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر
عمران خان کی قانونی ٹیم نے چیف جسٹس ہاؤس جاکر درخواستیں سماعت کیلئے منظور کروائیں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کی تین مختلف مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں دائر ہوگئیں۔
عمران خان کی قانونی ٹیم نے چیف جسٹس ہاوس جاکر درخواستیں سماعت کیلئے منظور کروائیں، عمران خان کے وکیل اظہر صدیق کے مطابق عمران خان کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس نے نمبر لگا دیا ہے، درخواستوں پر کل صبح نو بجے سماعت ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ درخواستیں دائر ہونے کے بعد اب عمران خان کو ان مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔ قبل ازیں اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان کی توشہ خانہ مقدمہ میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے انکی گرفتاری کیلئے زمان پارک چھاپہ مارا گیا تھا۔
جس کے بعد عمران خان کے وکلا نے فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا۔ عمران خان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری توشہ خانہ کیس اور جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کے الزام میں تھانہ رمنہ اسلام آباد میں درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔
لاہور ہائیکورٹ سکیورٹی نے چھٹی کے باعث وکلا کو ہائیکورٹ میں داخل نہ ہونے دیا اور دو گھنٹے تک انتظار کے بعد وکلا حفاظتی ضمانت کی درخواست گیٹ پر مامور سکیورٹی اہلکار کو دیکر واپس روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی ایک اور کوشش کی مذمت کرتا ہوں، آج عمران خان کی گرفتاری کے لئے حملہ کیا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مارچ تک کی ضمانت دے رکھی ہے، آج جس کیس میں گرفتار کرنے آئے اس پر صرف حاضری کی اطلاع دینی چاہیے تھی۔ انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتوار کو اسلام آباد پولیس گرفتاری کے لئے آسکتی ہے تو حفاظتی ضمانت بھی لی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر 74 مقدمات بنائے گئے ہیں، توہین مذہب اور غداری کے مقدمات کا جس طرح عمران خان کے خلاف استعمال کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، موجود حکومت میں شامل لوگ وار کریمنل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں سے اپیل ہے کہ پاکستان میں غیر انسانی سیاسی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے، عمران خان ضمانت کروانے گئے ان پر دہشت گردی کا کیس بنا دیا گیا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آج چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی خط لکھ رہے ہیں۔