توہین الیکشن کمشن کیس میں عمران خان اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین اور فواد چوہدری کو چودہ مارچ کو طلب کرلیا، فیصلہ جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں مسلسل عدم پیشی پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ انہیں 14 مارچ کو پیش ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے اور قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، اُن کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔
مزید پڑھیں: توشہ خانہ کیس؛ عمران خان آج بھی سیشن عدالت میں پیش نہ ہوئے
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ کسی عدالت نے بھی الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا،گزشتہ سماعت پر عمران خان خود پیش ہوئے نہ کوئی وکیل اُن کی طرف سے آیا، ایسے میں عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمانت کیلیے عمران خان کو پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا۔
دوسری جانب فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلے میں آئی جی پولیس اسلام اباد کو قابل ضمانت وارنٹ کے تعمیل کروانے کا حکم دیا اور فواد چوہدری کو بھی 14 مارچ کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں طلب کرلیا۔