ای سی سی مردم شماری کے اخراجات کیلیے ترقیاتی بجٹ میں 12 ارب کٹوتی کی منظوری

حکومت نے وزارت موسمیاتی تبدیلی، توانائی،این ایچ اے کے بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں کے فنڈز کی کٹوتی کر دی


Irshad Ansari/Shahbaz Rana March 09, 2023
بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کی سمری پر غور، وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس۔ فوٹو فائل

مالی بحران کی شکار حکومت نے جاری مردم شماری کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں کے 12 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق فنانس ڈویژن نے سیکریٹری پلاننگ کو زبانی آگاہ کیا کہ اس وقت فنانس ڈویژن 24 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور پلاننگ سے درخواست کی کہ وہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں سے 12 ارب روپے کے فنڈز فنانس ڈویژن کے سپرد کر دے۔ ای سی سی نے فنڈز میں کمی کی منظوری دے دی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا بجٹ 6 ارب روپے یا 5 فیصد کم کر دیا گیا۔ ای سی سی نے این ایچ اے کے بجٹ سے 12 ارب روپے کی کٹوتی کا اختیار دیا تھا لیکن اتھارٹی نے سخت مزاحمت کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترقیاتی بجٹ میں 2 ارب روپے یا 21 فیصد کمی کرنے کی بھی منظوری دی۔ وزارت پہلے ہی فنڈز کی کم تقسیم کی شکایت کرتی رہی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کے 2 ارب روپے یا مختص رقم کا 4.5 فیصد اور پاور ڈویژن کی سالانہ ترقیاتی فنڈزکا مختص کا مزید 2 ارب روپے یا 5 فیصد مردم شماری کیاخراجات کے لیے کٹوتی کر لیا ہے ۔ ساتویں مردم شماری جاری ہے پی بی ایس کو نادرا، سپارکو، مسلح افواج اور ضلعی حکومتوں کی واجبات کی ادائیگی کے لیے 12 ارب روپے درکار ہیں۔

ساتویں آبادی اور خانہ شماری کے انعقاد کے لیے 34 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جن میں سے گزشتہ اور رواں مالی سال کے دوران فنانس ڈویژن کی جانب سے 10 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔

ای سی سی نے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی چالیس کلوگرام مقرر کرنے ، سابق عالمی سکواش چیمپئن جان شیر خان کے علاج معالجہ کے لیے ایک کروڑروپے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس میں ای سی سی نے بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کی سمری پر غور کیا اور ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ دی۔

اس کے علاوہ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق نے سال 2023 کے لیے پاسکو کے گندم کی خریداری کے اہداف کے تعین سے متعلق ایک سمری پیش کی اور عوامی گندم کے ذخیرے کی تفصیلات پیش کیں پاسکو کے سٹاک سے گندم کے اجراء اور نئے غذائی سال کے آغاز پر کیری فارورڈ سٹاک کی تفصیلات پیش کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔