الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے 65 ارب روپے مانگ لیے
مطلوبہ فنڈز مہیا کرنا وزرات خزانہ کے لئے مشکل ہے، سیکریٹری خزانہ
الیکشن کمیشن نے وزارت خزنہ کو آگاہ کیا ہے کہ جنرل الیکشن کے انعقاد کیلئے 65 ارب روپے کے فنڈز درکار ہوں گے۔
الیکشن کمیشن میں خیبر پختونخوا اور پنجاب کے جنرل انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری خزانہ کو بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ جنرل الیکشن کے انعقاد کے لئے 65 ارب روپے جبکہ دونوں صوبوں کے انتخابات کیلئے 20 ارب کے فنڈز فوری طور پر درکار ہوں گے۔ ابھی تک کمیشن کو صرف 5 ارب دیے گئے ہیں، رواں مالی سال میں مزید 15 ارب کے فنڈز درکار ہیں۔
سیکریٹری خزانہ نے الیکشن کمیشن کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریف کیا اور بتایا کہ مطلوبہ فنڈز مہیا کرنا وزرات خزانہ کے لئے مشکل ہے، وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد ہی حتمی جواب دوں گا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کے لیے اگلے ہفتے گورنر کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئی جی خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی آئندہ ہفتہ بریفنگ دیں گے، سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت دفاع کے حکام سے بھی میٹنگ کی جارہی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب میں پولیس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 2 لاکھ 97 ہزار مزید نفری درکار ہوگی، خیبر پختونخوا میں پولیس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 56 ہزار مزید نفری درکار ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو پاک فوج رینجرز اور دیگر اداروں سے رابطہ کر کے مطلوبہ نفری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، حساس اداروں بشمول آئی بی، آئی ایس آئی اور دونوں صوبوں کی سی ٹی ڈیز سے بھی کل میٹنگ کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے مشاورت کے لیے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی اگلے ہفتے طلب کیا ہے۔