لاہور ہائیکورٹ عمران کی تقاریر پر پابندی کیخلاف درخواست پر فل بینچ تشکیل
3 رکنی فل بینچ پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر فل بینچ تشکیل دیدیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ پیر 13 مارچ کو سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر فاضل ارکان میں جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تقاریراور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا حکم معطل
جسٹس شمس محمود مرزا نے 9 مارچ کو ہونیوالی گزشتہ سماعت پر عمران خان کی تقریر پر پابندی کا پیمرا کا نوٹفکیشن معطل کرتے ہوئے معاملہ فل بنچ کو بھجوانے کی سفارش کی تھی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے اپنی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پیمرا نے عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی
واضح رہے کہ پیمرا نے 5 مارچ کو عمران خان کی جانب سے ریاستی اداروں پر الزامات کے حوالے سے ان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔