زباں فہمی 178 اردو کی Awareness
بھائی سعد الدین! Note فرماؤ!(فرمائیں نہیں) کہ اب تو ہر جگہ ہرکوئی Burgerish بول رہا ہے جو ہماری اردو کو کھا گئی ہے
زباں فہمی 178
اردو کی Awareness
تحریر: سہیل احمدصدیقی، فوٹو : روزنامہ ایکسپریس
کل رات لاہور سے کتب میلے کی خبر، ایک مقامی ٹیلیوژن چینل پر نشرہوتے دیکھی (Telecast بھی نشر ہے)، پہل ہی ایک نوجوان طالبہ کی اس بات سے ہوئی کہ Books کو بہت زیادہ Read کرنا چاہیے، پھر دو طالبات نے کہا کہ اس طرح کے Events سے Awareness بڑھتی ہے، ایک نے فرمایا کہ ایسے Events اور جگہ بھی Frequently ہونے چاہییں۔
اب آٖپ ہی بتائیے کہ ہرکوئی ہرشعبے میں کہہ رہا ہے Awareness کی ضرورت ہے تو ایسے میں ہماری 'آگہی' کو کون پوچھے گا،اتنا Difficult wordہے نا؟ پھر جب برگروں کی طرح... معاف کیجئے گا، اب "برگر" صرف کلفٹن پُل کے اُس پار نہیں رہتے، (تبھی تو کسی نے ٹیلیوژن کے لیے ڈراما لکھا تھا: کیونکہ برگر بھی کبھی بن کباب تھا)۔
بھائی سعد الدین! Note فرماؤ!(فرمائیں نہیں) کہ اب تو ہر جگہ ہرکوئی Burgerish بول رہا ہے جو ہماری اردو کو کھا گئی ہے۔(یہ نرالا نام بھی اسی خاکسار نے اپنے ایک انگریزی مضمون "Our lingo is Burgerish" میں تجویز کیا تھا)۔اب سہیل صاحب، برادرم عارف عزیز کے ہمدردانہ مشورے کے باوجود، اردو کی جڑیں تلاش کرنے کے Missionسے باہر نہیں آتے، بلکہ باز نہیں آتے تو ایسے میں Awarenessکیسے پھیلے گی؟؟ ۔(یہاں اپنے بہت ہی مخلص کرم فرما، بھائی سلیم فاروقی صاحب، "اردوبحالی مہم" والے بھی یاد آتے ہیں جن کی صبح ہی غیر ضروری انگریزی الفاظ وتراکیب کے استعمال سے روکنے کی تلقین سے ہوتی ہے اور اُن کا پیغام بھی بہت مختصر وجامع،دل کش سجاوٹ سے مزین کارڈ پر درج ہوتا ہے۔کاش لوگ ایک لمحے کو ٹھہر کر بغور پڑھ بھی لیاکریں)۔ (سعدالدین ٹیلیوژن ڈرامے کے منجھے ہوئے پیش کار اور میرے انتہائی عزیز دوست ہیں، جو عمدہ انگریزی لکھنے پر قادرہوتے ہوئے بھی برگرکلچر کے خلاف ہیں اور عارف عزیز ہمارے عزیز معاصر)۔
As you know میں نے کئی دفعہ پہلے بھی کہا کہ وجہ خواہ کوئی بھی ہو، یہ راقم زباں فہمی بزبان فرنگی یعنی English تحریرکرسکتا ہے، بلکہ اپنے پرانے آقا ومولایعنی Masters، "مغرب" اور موجودہ آقا 'انکل سام' عرف سامراج کی فرنگی زبان کی وطن عزیز میں ہونے والی دُرگت کا احوال بھی انھی کی زبان میں لکھ سکتا ہے، مگر پھر وہی بات کہ بھائی عارف عزیز کے مشورے پر،زبان کی اصلاح کا کام،سہل زبان میں،کون کرے گا، جبکہ یہاں تو Awarenessکی بہت کمی ہے۔
ویسے تو ہمارے 'قبلہ بڑے صدیقی صاحب' (یعنی محترم احمد حاطب صدیقی)اور 'فاضل دکتور' یعنی ڈاکٹر رؤف پاریکھ صاحب بھی خوب خوب خامہ آرائی فرماتے ہیں، مگر جناب Awareness پھر بھی کم ہے، اس لیے آگہی کا دِیپ یعنی کہ Lampجلانے کے ساتھ ساتھ اُس کی لو یعنی Flameبھی بڑھانی پڑے گی۔اچھا ویسے یارلوگ چراغ بھولتے جارہے ہیں، دیپ یادکرتے کرتے اور اسے لیمپ اب بھی کم لوگ کہتے ہیں، مگر الہ دین کا جادوئی چراغ،Majic lamp اور خود الہ دین،Alladinہوچکا ہے۔ہائے کیا بتائیں کیا چھپائیں، بقول شمشادبیگم، "چمن میں رہ کے ویرانہ، میرا دل ہوتا جاتا ہے"۔
آئیے کوشش کرتے ہیں،برگرش یعنی "فرنگیت زدہ" (یہ بھی ابھی ایجاد کیا، خاکسار نے) اور فرنگی زبان میں بولے جانے والے کچھ جملوں، فقروں اور محاوروں کو بطور مثال نشانہ بناتے ہو ئے اردو کی یاد تازہ کرنے کی جو قدرے مٹتی جارہی ہے، عام بول چال میں:
ا)۔بیٹا جب آپ Morningمیں اٹھتے ہیں، سوریAwakeہوتے ہیں تو سب سے پہلے Hand washکریں، پھر Face washکریں، پھر اپنا Breakfastلیں: بیٹا جب صبح سویرے جاگیں تو سب سے پہلے ہاتھ مُنھ دھولیں، پھر ناشتا کریں۔
ب)۔سر! آپ کون سا Subject teachکرتے ہیں؟: جناب! آپ کون سا مضمون پڑھاتے ہیں؟
ج)۔Nowہم آپ کو Showکرواتے ہیں...: اب ہم آپ کو دکھاتے ہیں۔
د)۔ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیاد ہ Time buy outکریں: ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ وَقت نکال سکیں۔
ہ)۔یہ کام تو بہت Time takingہے/یہ بہت Time taking jobہے: یہ کام تو بہت وَقت مانگتا ہے /اس کام میں تو بہت وَقت صَرف ہوتا ہے۔(چالو زبان میں 'لگتا ہے')۔
و)۔In the mean timeایسا ہوا...: اس اثناء میں ایسا ہوا
ز)۔You got my point/Are you getting me?: کیا آپ میری بات سمجھے؟/میری بات سمجھ رہے ہیں نا؟
ح)۔When there's a will, there's a way: 'جہاں راہ، وہاں چاہ'
ط)۔Don't take it personal!: دل پر مت لو، برا مت ماننا، کچھ محسوس نہ کرنا
ی)۔وہ میرے لیے بہت Possesiveہے: وہ مجھ پر اپنا حق جتاتی ہے یا اُس کے نزدیک تو میں بس اُسی کا ہوں۔
ک)۔آپ کی Mamaبہت Attractiveہیں: آپ کی امی بہت پُرکشش ہیں۔
ل)۔I want to sayکہ نا I need it, badly: میں یہ کہنا چاہتاہوں کہ مجھے اس چیز کی اشد (یا بہت) ضرورت ہے۔
م)۔Mind your own business!: اپنے کام سے کام رکھو!
ن)۔Early in the morningآپ کی Healthکے لیےWalkبہت ضروری ہے: صبح سویرے چہل قدمی صحت کے لیے مفید ہے۔
س)۔Literallyمیں تو Surpriseہوگیا: واقعی میں تو ششدر رہ گیا/حیران ہوگیا/بہت حیران پریشان ہوا۔
ع)۔میں کب تک آپ کا Waitکروں؟: میں کب تک آپ کا انتظار کروں؟
ف)۔So coolکیا مست Itemہے یار: واہ واہ! کیا بات ہے، کیا چیز ہے بھئی!
ص)۔One fine morningمجھے پتا چلا کہ اب تو ٹماٹر بہت Cheapبِک رہا ہے: ایک سہانی صبح معلوم ہوا کہ ٹماٹر بہت سستا بِک رہا ہے۔
ق)۔ہمیں Germsسے بچنے کے لیے کیا کرنا ہے؟ (اشتہاربرائے اطفال): جراثیم سے بچنے کے لیے ہمیں کیا کرنا ہے/کرنا چاہیے؟ (ہندوستان میں 'کٹاں ڑو' چل رہاہے...وہ آسان اور اچھا لگتاہے، مگر برگر بچے کو 'جراثیم' مشکل لگتا ہے، You know)۔
ر)۔سب سے پہلے ہمیں اپنے Bottomکو Cleanکرنا ہے، Washکرنا ہے، پھر Tissueسے ہاتھ Dryکرنے ہیں:
کیا اردومیں کولھے، چوتڑ اور سُرین کہنے سے فحاشی پھیلے گی یا بچہ بگڑجائے گا؟۔ ہندوستان والوں کو تو ٹھیٹھ یا شُدھ ہندی (درحقیقت لغات سے نکالے ہوئے سنسکِرِت)الفاظ ایسے اشتہارات میں "ٹھونسنے" میں کوئی عار محسوس نہیں ہوتا،(وہ تو کہہ سکتے ہیں کہ پچھواڑا دھولو)، خواہ کسی کی سمجھ میں آئے نہ آئے۔ایک ہم ہیں کہ اردو بولتے ہوئے شرماتے ہیں۔آسان الفا ظ میں کہیں: ہمیں اپنے آپ کو دھوکر، پھر صابن سے ہاتھ دھونے ہیں اور خشک کرنے ہیں۔(وضاحت سے کہنا ہے تو یوں: اپنا نچلا بدن/دھڑ/حصہ دھولیں)۔
ش)۔Actuall, I wanted to say نا کہ You have done a great job/service: میں کہنا چاہتا تھا (دراصل) کہ آپ نے بہت بڑا کام کیا ہے/کارنامہ انجام دیا ہے۔
ت)۔یار میں Mentallyطور پر بڑاUpsetہوں: یار! میں ذہنی طورپر بہت مضطرب (پریشان) ہوں /میں بہت پریشان ہوں۔
ث)۔Do me a favour: ایک مہربانی کرو!
خ)۔کیا آپ کے Bathroomمیں Leacageکا Issueہے: کیا آپ کے غسل خانے/ بیت الخلاء میں پانی رِس رہا ہے؟
ذ)۔وہ کہہ رہاتھا کہ Separationکے علاوہ کوئی Optionنہیں، I want to divorce her: وہ کہہ رہاتھا کہ اب علےٰحدگی کے سوا کوئی چارہ نہیں، میں اُسے طلاق دینا چاہتاہوں۔
ض)۔Sir!کیا آپ Kindlyمیرے بچے کو Tuitionکے لیے کچھ Time spareکرسکتے ہیں: جناب! کیا آپ میرے بچے کو ٹیوشن پڑھانے کے لیے کچھ وقت نکال سکتے ہیں /صَرف کرسکتے ہیں۔(ٹیوشن اب مروج ہے، اسے بدلنا ضروری نہیں، ورنہ پرانے وقتوں میں فقط اتنا ہی کہنا کافی تھا کہ گھر پر پڑھاسکتے ہیں؟)
ظ)۔Mommy/Papaآپ کو نہیں پتا، I really miss you: امی/ابو، آپ نہیں جانتے، میں آپ کی کمی کتنی محسوس کرتا ہوں۔
غ)۔بھائی Marketمیں اس وقت بڑا Boomآیا ہوا ہے: بھائی! ابھی منڈی میں بڑا چڑھاؤ ہے (قیمتوں میں)/دام بڑھے ہوئے ہیں۔
ایسی بے شمار مثالیں ہیں جن پر طویل مضامین لکھے جاسکتے ہیں، تقریر کی جاسکتی ہے،مگر اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم مسئلے کے حل کی تلاش نہیں کرتے، حل موجود ہوتو عمل نہیں کرتے اور کم علمی یا لاعلمی ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔آج کا مختصر اظہار ِ خیال کسی اور کو خوش کرے نہ کرے، اپنے عارفانہ وعزیزانہ کلام والے بھائی عارف عزیز کو مطمئن کردے گا۔