این ای ڈی یونیورسٹی میں انٹر امتحانات سے پہلے ہی داخلے شروع

داخلوں کا آغاز بدھ 16 مارچ سے ہوگا جبکہ رجحان ٹیسٹ بھی ایک ماہ قبل جولائی میں لیا جائے گا


Safdar Rizvi March 12, 2023
فوٹو: فائل

نجی جامعات کی حکمت عملی کے جواب میں این ای ڈی یونیورسٹی نے بھی انٹر امتحانات سے پہلے ہی داخلے شروع کردیے۔

سندھ سمیت ملک بھر میں نجی جامعات کے تحت قبل از وقت داخلے شروع کرنے کی حکمت عملی سرکاری جامعات پر اثر انداز ہورہی ہے اور اس حکمت عملی کے جواب میں نئی منصوبہ بندی کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی نے بیچلرز پروگرام میں سیشن 2023/24 کے داخلے کئی ماہ قبل شروع کردیے ہیں۔

اس بار داخلے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے بھی دو ماہ قبل شروع کیے جارہے ہیں، داخلوں کا آغاز بدھ 16 مارچ سے ہورہا ہے جبکہ داخلوں کے لیے رجحان ٹیسٹ بھی اس بار ایک ماہ قبل لیا جائے گا، اس سال این ای ڈی کے تحت رجحان ٹیسٹ جولائی میں ہوں گے جبکہ گزشتہ سال یہ ٹیسٹ اگست میں ہوئے تھے داخلے بھی انٹرمیڈیٹ کے بجائے انٹر سال اول کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ سمیت ملک بھر میں موجود نجی جامعات کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے نتائج اور امتحانات کا انتظار کے لیے بغیر داخلے شروع کرنے کا سلسلہ گزشتہ کچھ عرصے سے جاری تھا جس کے سبب یہ ادارے طلبہ کو engage کرلیتے تھے اور اس کا اثر یہ ہوا کہ گذشتہ سال داخلوں کے لیے این ای ڈی میں منعقدہ رجحان ٹیسٹ میں طلبہ کی شرکت کا گراف 40 فیصد تک گرگیا اور تقریباً 8 ہزار کے قریب طلبہ نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 13 ہزار سے تجاوز کرچکی تھی جس کے بعد این ای ڈی نے طلبہ کو ٹیسٹ میں ایک بار پھر شرکت کا موقع دیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد نے "ایکسپریس" کے رابطہ کرنے پر قبل از وقت داخلے شروع کرنے کی مذکورہ وجوہات کہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئی بی اے کراچی کے علاوہ نسٹ، ڈی ایچ اے صفا و دیگر ادارے ناصرف امتحانات سے قبل یا اس دوران ہی داخلوں کا عمل شروع کردیتے ہیں بلکہ اسے حتمی شکل بھی دے دیتے ہیں جس سے طلبہ کے لیے این ای ڈی کی جانب آنے کی choice نہیں رہتی لہذا ہم نے بھی اس بار یہ فیصلہ کیا ہے کہ داخلے امتحانات سے بھی پہلے شروع کردیے جائیں جبکہ رجحان ٹیسٹ بھی اس بار ایک ماہ قبل لے رہے ہیں اور سیشن بھی اکتوبر کے پہلے عشرے میں شروع کریں گے جسے بتدریج ستمبر میں لے آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار داخلوں کے لیے 17 داخلہ نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد داخلہ نشستیں 2840 ہوگئی ہیں جبکہ فیس میں صرف 10 فیصد ہی اضافہ کیا گیا ہے، واضح رہے کہ سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 22 مئی سے شروع ہونے ہیں اور ان امتحانات کے فوری بعد ہی این ای ڈی میں رجحان ٹیسٹ جولائی میں منعقد ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں