سندھ کے تعلیمی بورڈز نے امتحانات آؤٹ سروس کرنے پر مشروط آمادگی ظاہر کردی

انتہائی دباؤ کی صورت میں نویں اور گیارہویں کے دو مضامین کی اسسمنٹ کی تجویز سامنے آگئی


Safdar Rizvi March 14, 2023
انتہائی دباؤ کی صورت میں نویں اور گیارہویں کے دو مضامین کی اسسمنٹ کی تجویز سامنے آگئی (فوٹو: فائل)

سندھ کے تعلیمی بورڈ نے حکومتی دباؤ کے سبب امتحانی نظام کو نجی کمپنی کے حوالے کرنے پر مشروط آمادگی ظاہر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے امتحانی سلسلے میں جزوی طور پر صرف ایک یا دو مضامین کی اسسمنٹ نجی آئی ٹی کمپنی کے حوالے کرنے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم اگر اس فیصلے کو حتمی شکل دی جاتی ہے تو اس کا اطلاق رواں کے بجائے آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے ہونے والے 2024 کے امتحانات سے کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

اس بات پر اتفاق منگل کی دوپہر کراچی میں منعقدہ چیئرمینز بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں امتحانی نظام کو آؤٹ سروس کے نام پر نجی پارٹی کے حوالے کرنے کی تجویز دینے والے چیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن آن لائن شریک تھے۔

اجلاس میں ان کی جانب سے تجویز سامنے آئی کہ اگر محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کا اس سلسلے میں زیادہ دباؤ سامنے آتا ہے تو بہتر ہوگا کہ پہلے محکمے کے سامنے انرولمنٹ اور امتحانی فیسوں کے فنڈز کی ادائیگی کا مطالبہ رکھ دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے کیا گیا کہ چونکہ اس نجی کمپنی کہ پیشہ ورانہ استعداد سے کوئی بھی واقف نہیں ہے اور نہ بورڈز کا موجودہ ایکٹ اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ امتحانی نظام کو آؤٹ سورس کیا جائے لہذا اگر اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ یا وزارت کا زیادہ دباؤ سامنے آیا یا کوئی قانون سازی کی گئی تو آزمائشی طور پر نویں اور گیارہویں جماعتوں کے فزکس اور کیمسٹری کے مضامین کی کاپیاں اسسمنٹ (ای مارکنگ) کے لیے انھیں دی جاسکتی ہیں۔

چونکہ اب امتحانات بہت قریب آچکے ہیں اور درمیان میں صرف رمضان کا ایک مہینہ باقی ہے لہذا ٹینڈر کے اجراء کے قانونی تقاضے امتحانات تک پورے نہیں ہو پائیں گے لہذا ضروری ہوا تو آئندہ سیشن کے امتحانات کے لیے اس فیصلہ کا اطلاق کیا جائے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مذکورہ فیصلے سے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو آئندہ متوقع کسی اجلاس میں آگاہ کیا جائے۔

اجلاس میں شریک ایک رکن کا کہنا تھا کہ اب تک یہ واضح بھی نہیں ہے کہ موجودہ پیپر پیٹرن میں descriptive سوال و جواب پر ای مارکنگ کس طرح ممکن ہوگی؟

یاد رہے کہ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے سندھ میں امتحانی نظام کو آؤٹ سروس کرنے کے سلسلے میں ایک خط کے ذریعے تعلیمی بورڈز کو ایک ہفتے قبل احکامات جاری کیے ہیں اور کہا ہے کہ اپنے فنڈز سے اس سلسلے میں ٹینڈر جاری کیا جائے اور فنڈز کم ہونے کی صورت میں محکمے کو اس سلسلے میں آگاہ کیا جائے جبکہ سندھ کے تعلیمی حلقوں کی جانب سے اس سلسلے میں شدید مخالفت سامنے آرہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں