اسپیکرز کانفرنس میں ارکان پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنیکی قرارداد منظور

تنخواہیں، مراعات بڑھانے کے مطالبات مسترد، تنخواہیں بڑھانے کی گنجائش نہیں، اسپیکر ایاز صادق


Online/Numainda Express April 15, 2014
کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ آج جاری ہو گا، ارکان اسمبلی کی کرکٹ ٹیم بنانے کا اعلان فوٹو: فائل

قومی اسپیکرز کانفرنس میں ارکان پارلیمنٹ کو سرکاری بلیو پاسپورٹس جاری کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

جبکہ تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے مطالبات منظور نہیں کیے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق آج 17ویں قومی اسپیکرز کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کریں گے، انھوں نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کیساتھ کرکٹ میچ کے لیے ارکان پارلیمنٹ کی ٹیم بنانے کا اعلان بھی کر دیا۔ آن لائن کے مطابق اسپیکرز کانفرنس میں جہاں سابق اسمبلیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا وہیں اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلیے سرکاری بلیو پاسپورٹ، تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا گیا، یہ مطالبہ قرارداد کی صورت میں پیش کیا گیا۔

جس میں کہا گیا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کا استحقاق ہے کہ انھیں سرکاری بلیو پاسپورٹ کا اجرا کیا جائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ ملک کی معاشی صورت حال کے باعث بجٹ میں گنجائش نہیں کہ اراکین کی تنخواہیں بڑھائی جا سکیں۔ ادھر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکرزکانفرنس کے شرکا کو پارلیمنٹ ہائوس میں ظہرانہ دیا، جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر جان محمد جمالی، سندھ اسمبلی کے اسپیکر سراج درانی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو، فیصل کریم کنڈی، سید ظفر علی شاہ سمیت ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ ادھر پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کی۔اسپیکر نے سیکریٹری اسمبلی کرامت نیازی کو ہدایت کی کہ رکن عابد شیر علی سے رابطہ کرکے ان کو ذمے داری دی جائے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں سے ملکر کھلاڑیوں کے نام لیے جائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وہ خود بھی کرکٹ کھیلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں