بُک شیلف

رمضان المبارک کا مبارک مہینہ رب سے تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے


Basheer Wasiq March 19, 2023
—فائل فوٹو

رمضان المبارک (فضائل، فوائد ، ثمرات ، احکام و مسائل اور کرنے والے کام)
مصنف : حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ، قیمت : 190روپے، صفحات : 88
ناشر : دارالسلام لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور ( 042-37324034)




پیش نظر کتاب '' رمضان المبارک فضائل ، فوائد وثمرات ، احکام ومسائل اور کرنے والے کام '' سے واضح ہے کہ اپنے موضوع پر یہ نہایت ہی مفید، جامع اور رہنما کتاب ہے ۔

کتاب کے مصنف معروف عالم دین، مفسر قرآن فضیلتہ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ہیں۔ حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم کی یہ کتاب ۔۔۔۔ تین ابواب پر مشتمل ہے ۔

کتاب میں بتایا گیا ہے کہ ہم رمضان المبارک کااستقبال کیسے کریں ، رمضان المبارک کے خصوصی اعمال وظائف ، صحیح احادیث کی روشنی میں روزوں کی فضیلت وفرضیت ، روزے کے فوائد وثمرات ، روزے کے احکام ومسائل ، روزے کی تعریف ، روزے کے ضروری احکام ، کن کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ، قضائے روزہ ، اعتکاف ، تراویح ، صدقۃ الفطر کے مسائل جیسے اہم موضوعات کتاب میں بیان کئے گئے ہیں ۔

روزوں سے متعلق تقریباََ تمام صحیح احادیث اس کتاب میں جمع کر دی گئی ہیں ۔ رسول اللہﷺ کا یہ فرمان کہ جس شخص نے رمضان کے روزے ایمان اور احتساب کے ساتھ رکھے ' اس کے سابقہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔

یہ ایک عظیم خوشخبری ہے ' جس سے محرومی کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا ۔ لیکن یہاں ایک بات پر خصوصی توجہ رہنی چاہیے کہ اتنے بڑے انعام کا استحقاق صرف اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب رمضان المبارک کے روزے مسنون طریقہ پر رکھے جائیں ، یہ سب کچھ کیسے ممکن ہے ۔۔۔۔۔۔؟ اس مقصد کیلئے دارالسلام کی یہ کتاب اہل ایمان کے لئے نہایت ہی عمدہ پیشکش ہے ۔ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ اس مختصر کتاب کے مطالعے سے ہر مسلمان رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کر سکتا ہے ۔

اس کتاب میں جہاں روزے کے احکام و مسائل کو واضح کیا گیا ہے وہاں قیام اللیل ( تراویح ) ' لیلتہ القدر ' اعتکاف اور صدقہ الفطر کے حوالے سے بھی کافی مواد پیش کیا گیا ہے ۔ یہ کتاب دیکھنے میں اگرچہ مختصر ہے لیکن ا س میں تمام اہم مسائل بیان کر دیے گئے ہیں ۔ کتاب میں احادیث ِ صحیحہ کی روشنی میں روزوں کی فضیلت کی تفصیل موجود ہے ۔

اسی طرح کتاب میں رمضان المبارک سے متعلق بعض مشہور مگر ضعیف احادیث کی وضاحت بھی موجود ہے ۔ روزے کے فوائد و ثمرات کا تذکرہ ہے ، یعنی تقویٰ کیا ہے جو روزوں سے انسان کے اندر پیدا ہوتا ہے ؟ روزوں سے تقویٰ کس طرح پیدا ہوتا ہے ؟ اور تقویٰ سے کیا فوائد و ثمرات حاصل ہوتے ہیں ؟ قیام اللیل یعنی نماز تراویح کے مسائل، اس کی تعداد کی تحقیق ، اعتکاف کے مسائل اور لیلتہ القدر کے فضائل کی وضاحت بھی کتاب میں شامل ہے ۔

بہت شاندار کتاب ہے ہر مسلمان کو مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ دین کے ایک اہم بنیادی رکن کے حوالے سے معلومات ذہن نشین ہو سکیں ۔

خواتین اور رمضان المبارک
تیس دروس اور مخصوص مسائل پر مستند فتوی
مصنف : ابو انس حسین بن علی ، صفحات : 96، قیمت : 190روپے
ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور
رابطہ: ( 042-37324034)




احکام و مسائل میں خواتین مردوں کے تابع ہیں ، اس لئے کتاب وسنت میں عمومی طور پر مردوں کو مخاطب کیا گیا ہے ۔ لیکن کئی مسائل عورتوں کے ساتھ خاص ہیں ۔

خصوصاََ رمضان المبارک کے حوالے سے خواتین کو کئی ایسے مسائل درپیش ہوتے ہیں جو عام طور پر بیان نہیں کئے جاتے ۔ خصوصاََ جو خواتین مسجد نہیں جاتیں وہ زندگی بھر ان مسائل سے ناآشنا رہتی ہیں ۔ اس ضرورت کے پیش نظر یہ کتاب دارالسلام نے شائع کی ہے ۔

اس کتاب میں مختصراََ ان تمام مسائل کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن کا تعلق خواتین اور رمضان المبارک سے ہے ۔ تمام مسائل قرآن مجید اور مستند احادیث سے بیان کئے گئے ہیں ۔ انداز بیان بہت دلچسپ ، عام فہم اور عام کتابوں سے منفرد ہے ۔ کتاب روزوں کے ایام کی مناسبت سے تیس دروس پر مشتمل ہے ۔

سب سے پہلے بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کااستقبال کیسے کیا جائے ؟ ماہ رمضان سے استفادے کا پروگرام کیسے ترتیب دیا جائے؟رمضان کے حوالے سے خواتین کے لئے نہایت بیش قیمت نصیحتیں بھی کتاب میں شامل ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ مرد اور عورت اعمال وثواب میں برابر ہیں ، مسلمان خواتین کے لئے جنت کاآسان راستہ ، خواتین اور زیورات کی زکوٰۃ ، زیورات کی زکوۃ نکالنے کا کیا طریقہ ہے ؟ خاتون خانہ کے لئے نماز تراویح ، حیض ونفاس ، حاملہ اور دودھ پلانے والی خاتون ، بوڑھی عورت جس میں روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو ، مانع حیض گولیوں کے استعمال کے کیا احکام ہیں ، بچی پر روزہ کب واجب ہوتا ہے ؟ جنتی خواتین کون ہیں ۔۔۔۔؟ بعض ایسی گھریلو برائیوں کی نشاندھی کی گئی ہے جن سے ایمان اور روزے کی حفاظت کے لئے اجتناب ضروری ہے ۔

خواتین اور صدقہ ، اخراجات میں اعتدال اور افراط و تفریط سے اجتناب کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔ رمضان المبارک میں قرآن مجید کی تلاوت ، خواتین کے مسائل کے حوالے سے چند اہم فتوے خواتین کے ذوق مطالعہ کی نذر کئے گئے ہیں ۔

خواتین کی مجالس ، فرماں بردار خواتین کی دعائیں ، بچوں کی تربیت اور خاتون خانہ ، دعا کا مرتبہ و مقام اور آداب ، چندقرآنی دعائیں ، رسول اللہﷺ کی مسنون دعائیں ، مسلم خاتون اور عید ، رمضان کے بعد عمل قبول ہونے کی علامات ، رمضان کے روزے اور قیام کی فضیلت ، کیا عورت عورتوں کی نماز تراویح کی امامت کروا سکتی ہے ۔۔۔۔؟ حیض ونفاس والی عورت کا قرآن مجید ، کتب حدیث پڑھنا اور دعائیں کرنا ، نماز تراویح میں قرآن مجید سے دیکھ کر قرآت کرنا ، مستورات کا اعتکاف جیسے اہم مسائل بیان کئے گئے ہیں ۔

یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ اگر ہماری ہر ماں ، بہن ، بیٹی اس کتاب کا مطالعہ کر لے تو وہ جہاں بہترین مومنہ صالحہ بن سکتی ہے وہاں وہ رمضان لمبارک کی رحمتوں ، سعادتوں اور برکتوں کو بھی سمیٹ کر جنت کی حقدار بن سکتی ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کی طرف سے خواتین کے لئے خصوصی تحفہ ہے اس لیے اسے ضرور گھر میں رکھیں ۔

زکوٰۃ ، عشر اور صدقۃ الفطر
مصنف : حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ، صفحات : 135 ، قیمت : 220 روپے
ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور
رابطہ: ( 042-37324034)



شعبان اور رمضان المبارک میں مسلمان اپنے مال ، زیورات ،سونا چاندی میں سے زکوٰۃ نکالتے ہیں۔ زکوٰۃ۔۔۔ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے۔یہ نہایت ہی اہم فریضہ ہے جو نہ صرف مال کو پاک کرتا بلکہ مال کو بڑھاتا بھی ہے جبکہ پاکیزہ مال انسان کی صحت سلامتی اور جان ومال میں برکت کااہم ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔

زکوٰۃ جس قدر اہم فریضہ ہے ہمارے مسلمان بھائی بہنیں اس کے نصاب ، مسائل اور فضائل سے اتنے ہی لاعلم ہیں۔ پیش نظر کتاب '' زکوٰۃ ، عشر اور صدقۃ الفطر '' اسی موضوع پر ایک اہم پیشکش ہے جسے دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ '' دارالسلام'' نے اپنے روایتی تزک واحتشام ، خوبصورت جاذب نظر ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے۔

کتاب کے مصنف مفسر قرآن ، جید عالم دین اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق رکن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ہیں۔ یہ کتاب اپنے موضوع کے تمام پہلو?وں کاکماحقہ احاطہ کئے ہوئے ہے۔ کتاب میں بتایاگیا ہے کہ زکوٰۃ کے دو پہلو ہیں۔عبادت ہونے کے اعتبار سے اس کاتعلق حقوق اللہ سے ہے اور چونکہ اس سے بندگان الہی بھی فیض یاب ہوتے ہیں ، لاکھوں کروڑوں فقرا ومساکین ، یتامیٰ ، بیوگان ، معذور اور اپاہج قسم کے افرادکے معاشی مفادات بھی زکوٰۃ سے وابستہ ہیں۔

اس لحاظ سے زکوٰۃ کاتعلق حقوق العباد سے بھی ہے۔ اس سے زکوٰۃ کی اہمیت وافادیت واضح ہے۔ اس کے عبادت ہونے کامطلب یہ ہے کہ اس کی ادائیگی سے انسان کو اللہ کاخصوصی قرب حاصل ہوتا ، مال بڑھتا اور پاک ہوتا ہے۔

اس کادوسرا پہلو یہ ہے کہ یہ معاشرے کے معذور اور نادار افراد کی معاشی کفالت کابھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ جس سے انسان کے دل میں ضرورت مندوں کی خیرخواہی کاجذبہ بیدارہوتا ہے۔ چارابواب پر مشتمل کتاب میں بتایاگیا ہے کہ اسلام میں زکوٰۃ کی اہمیت وافادیت کیا ہے ؟ زکوٰۃ نہ دینے والوں کے لئے کیا وعید ہے ؟

زکوٰۃ کے علاوہ دیگر صدقات ، اجتماعی طور پر زکوٰۃ کی تقسیم کے فوائد ، زکوٰۃ وصول کرنے والوں کے لئے نبی ? کی کیا ہدایات ہیں ؟ کیا مقروض پر زکوٰۃ ہے یانہیں ؟ مشینری پر زکوٰۃ ، سونے ، چاندی ، زیور ، مال تجارت ، نقدی، زرعی پیداوار ، پھلوں کانصاب کتنا ہے ؟ مال ِ تجارت میں زکوٰۃ کی ادائیگی کاطریقہ کار کیا ہے ؟ پھلوں اور غلوں کے نصاب کاوقت کیا ہے ؟

جانوروں کی زکوٰۃ کی تفصیل ؟ مصارف زکوٰۃ کیا ہیں ؟ وہ کون سے افراد ہیں جن کے لئے زکوٰۃ جائز نہیں ؟۔ صدقۃ الفطر کے کیامسائل ہیں۔۔۔؟ ان تمام مسائل پر کتاب میں سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔

کتاب کے آخر میں زکوٰۃ کاانکار کرنے والوں کاافکار ونظریات کاذکر اور بالخصوص غلام احمد پرویز کے اشتراکی نظریہ کاقرآن وحدیث کی روشنی میں جائزہ لے کر ان کارد کیاگیا ہے۔ اس طرح سے اس کتاب کی اہمیت وافادیت کئی گنابڑھ گئی ہے۔ رمضان کے ایام شروع ہونے سے پہلے اس کتاب کاہر صاحب ِ نصاب زکوٰۃ فرد کے پاس ہونا مفید ہے۔

قیام اللیل
فضائل وفوائد اور ثمرات، مصنف : ڈاکٹر سعید بن علی قحطانی
صفحات : 112، قیمت : 265 روپے
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل، لوئر مال، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور
رابطہ: ( 042-37324034)



رمضان المبارک کا مبارک مہینہ رب سے تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے ۔ اس مہینہ کی مناسبت سے دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ دارالسلام کی کتاب ''قیام اللیل ، فضائل و فوائد اور ثمرات ، قرآن و حدیث کی روشنی میں '' پیش خدمت ہے ۔

یہ کتاب اگر چہ حجم کے اعتبار سے مختصر ہے مگر فوائد کے اعتبار سے بہت جامع ہے ۔ کتاب میں رات کی عبادت قیام اللیل کو موضوع بحث بنایا گیا ہے ۔ یہ بات معلوم ہے کہ عقیدہ توحید کے بعد سب سے اہم فریضہ نماز ہے ۔ نماز خالق اور مخلوق کے باہمی تعلق کو مضبوط کرتی ہے ۔ یہ ایک ایسی عبادت ہے جو بندے اور کفر کے درمیان فرق کو واضح کرتی ہے ۔

انبیاء اور رسل نمازوں کا بے حد شوق رکھتے تھے ۔ بندہ مومن نماز کے ذریعے ہی سے اعلیٰ ایمانی ، اخلاقی ، اور روحانی مدارج طے کرتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ نماز ہی ہے ۔ زیر نظر کتاب''قیام اللیل '' کے مصنف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر سعید بن علی قحطانی امت مسلمہ کے ایک جید عالم دین ہیں ۔ وہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کا سب سے زیادہ موثر اور مسنون طریقہ قیام اللیل ہے ۔

فاضل مصنف نے اس کتاب میں اللہ تعالیٰ کے حضور تمام اصول و آداب تفصیل سے بیان کر دیے ہیں ۔ انہوں نے پہلے باب میں نماز تہجد کا مطلب اور اس کی شرعی حیثیت واضح کی ہے ۔ رسول اللہﷺ کا معمول مبارک بتایا ہے کہ آپ ہمیشہ رات کی نماز کا اہتمام کرتے اور رب جلیل کی یاد میں ڈوب کر اتنے طویل نوافل پڑھا کرتے تھے کہ آپ کے پائے مبارک پر ورم آجاتا تھا ۔

ڈاکٹر صاحب نے کتاب میں چھوٹے چھوٹے خوبصورت عنوانوں کے تحت وہ تمام قیمتی معلومات مہیا کر دی ہیں جن کے بارے میں اکثر لوگ علماکرام کی خدمت میں سوالات کرتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ آیات واحادیث کا اندراج کر کے درج ذیل باتیں اچھی طرح اجاگرکر دی ہیں کہ تہجد گزارکامل الایمان ہے ۔٭ فرض نمازوں کے بعد افضل ترین نماز رات کی نماز ہے ۔

٭ قیام اللیل مومن کاسب سے بڑا عزاز و افتخار ہے ۔٭ قیام اللیل کا افضل وقت کون سا ہے ؟ ٭ نیند سے بیدار ہونے اور تہجد کے آداب اصول کیا ہیں ؟ ٭ تہجد گھر میں پڑھنا مستحب ہے ۔ ٭ قیام اللیل کا ہمیشہ اہتمام کرنا چاہئے ۔ ٭ نیند غلبہ پائے تو کیا کرنا چاہئے ؟ ٭ نماز تہجد میں قرات کی مقدار کتنی ہونی چاہئے ؟ ٭ نماز وتر اور نماز تراویح کا صحیح وقت کون سا ہے اور رکعتوں کی تعداد کتنی ہے ؟ ٭ وتر کو نماز مغرب کے ساتھ مشابہت دینے سے پرہیز کرنا ضروری ہے ۔ اب جبکہ نہایت ہی برکتوں، سعادتوں اور رحمتوں والا مہینہ رمضان المبارک سایہ فگن ہے ۔ یہ عبادات اور اللہ سے تعلق کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے ۔

اس مہینہ میں زیر نظرکتاب کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے ۔ ضروری ہے کہ ہر مسلمان اس کتاب کا مطالعہ کرے تاکہ وہ اپنے رب سے تعلق کو مضبوط کر سکے ۔

رمضان المبارک کے احکام و مسائل پر دو پاکٹ سائز کتابیں
ناشر : دارالسلام انٹر نیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور
رابطہ :( 042-37324034)



'' رمضان المبارک کے احکام ومسائل '' اور رمضان المبارک میں کرنے والے کام '' یہ دو پاکٹ سائز کتابیں ہیں جنھیں بندہ آسانی کے ساتھ جیب میں رکھ سکتا ہے اور جب چاہے رمضان المبارک کے مسائل و احکام کے بارے میں ضروری معلومات اور رہنمائی لے سکتا ہے ۔

عام طور پر رمضان المبارک کے مسائل و احکام کے بارے میں دستیاب کتابوں کے سائز بڑے ہوتے ہیں جنھیں جیب میں رکھنا انسان کیلئے ممکن نہیں ہوتا ہے ۔ اس حوالے سے پاکٹ سائز کتابوں کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی چنانچہ اس ضرورت کے پیش نظر دارالسلام نے یہ دو کتابچے شائع کیے ہیں ۔

یہ دونوں کتابیں اپنے موضوع پر ، منفرد اور خوبصورت پیشکش ہے ۔ چونکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس لیے ان کتابوں کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔

ان کتب کی تالیف اور ترتیب مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم کے قلم سے ہے ۔'' رمضان المبارک احکام و مسائل '' اور رمضان المبارک میں کرنے والے کام '' یہ دونوں کتابیں اگرچہ حجم میں مختصر ہیں لیکن اپنے موضوع پر مکمل اور جامع کتاب ہیں ۔ اس کتب میں شامل ہر بات قرآن مجید اور صحیح احادیث سے ماخوذ ہے ۔

یہ کتابیں اختصار کے باوجود جامعیت کی حامل ہیں ہر حدیث کا عربی متن اور اس کا مکمل حوالہ درج ہے ۔

'جہاں تک کتاب ' رمضان المبارک احکام ومسائل '' کا تعلق ہے اس کتاب میں روزے کی اہمیت ، روزے کی تعریف ، روزے کا مقصد ، روزے کے ضروری احکام ، سحری کی فضیلت ، قبولیت دعا کا وقت ، افطاری کے وقت کی دعائیں ، روزہ کھلوانے کا ثواب ، روزے دار کے لیے کن چیزوں سے اجتناب ضروری ہے ، کن کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ، روزے دار کے لیے کون کون سے کام جائز ہیں ، قضا کے مسائل ، نماز تراویح کے مسائل اور صدقۃ الفطر کے ضروری مسائل بیان کیے گیے ہیں ۔

جبکہ ''رمضان المبارک میں کرنے والے کام'' اس کتاب میں درج ذیل موضوعات کو زیر بحث لایاگیا ہے : ہم رمضان المبارک کا استقبال کیسے کریں ؟ رمضان المبارک کے خصوصی اعمال و وظائف کیا کیا ہیں ؟ اس باب میں ان تمام اعمال و وظائف کا ذکرکر دیا گیا ہے جو نبی رحمت ﷺ رمضان کے مقدس مہینے میں فرمایا کرتے تھے ۔

قیام اللیل ، روزے کھلوانا ، کثرت سے تلاوت قرآن پاک ، تلاوت قرآن میں خوف و بکا کی مطلوبیت ، اعتکاف اور اس کے ضروری مسائل ، لیلۃ القدر کی فضیلت کا حصول ، آخری عشرے میں آنحضورﷺ کے معمولات ، رمضان المبارک میں عمرہ کرنا ، نماز اشراق کی فضیلت ، کثرت ِ دعا ، حق تلفیوں کا ازالہ اور گناہوں سے اجتناب ، ماہ رمضان میں اپنے دلوں کو باہمی بعض و عناد سے پاک کرنا ، قطع رحمی کے نقصانات ۔۔۔۔ جیسے اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے ۔

یہ کتابیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اہل ایمان کے لیے ایک قیمتی ہدیہ اور تحفہ ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں