انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 73 پیسے گھٹ گئی
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کے اضافے سے 286 روپے کا ہوگیا
ڈالر کی انٹربینک قیمت 73 پیسے گھٹ کر 283.19 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ میں 50 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیمانڈ نہ ہونے کے باعث بدھ کو بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا تاہم اوپن مارکیٹ میں عمرہ زائرین کی ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی محدود پیمانے پر اڑان جاری رہی۔
انٹربینک میں کاروباری دورانیے کی ابتدا میں ڈالر کی قدر 13 پیسے بڑھ کر 284 روپے سے تجاوز کرگئی تھی لیکن کچھ ہی وقفے کے بعد ڈالر تنزلی سے دوچار ہوا جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا انٹربینک ریٹ 73 پیسے کی کمی سے 283.19 روپے کی سطح پر بند ہوا، اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کے اضافے سے 286 روپے کی سطح پر بند ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے مطلوبہ شرائط پوری ہونے کے بعد آئی ایم ایف کی دوست ممالک 6 سے7ارب ڈالر کی فنانسنگ کی ضمانت کے حصول نہ ہونے سے آئی ایم ایف معاہدہ طول اختیار کرتا جارہا ہے جو تجارت و صنعتی شعبوں کی سرگرمیوں کو ناصرف شدید متاثر کررہا ہے بلکہ برآمدی شعبوں نے تاریک مستقبل کے خدشات پر اپنا سرمایہ سمیٹ کر بیرون ملک منتقلی کی کوششیں شروع کردی ہیں لہذا ذرمبادلہ کی مقامی مارکیٹیں اب ڈیمانڈ سپلائی پر نہیں بلکہ سینٹیمنٹس پر چل رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے درآمدی ایل سیز کھولنے کی اجازت دیدی تو مارکیٹ میں ڈالر کی خطرناک حد تک ڈیمانڈ موجود ہے جس سے روپیہ کے چاروں شانے چت ہونے کے اندیشے لاحق ہیں۔ فروری میں رئیل ایفیکٹیو ایکس چینج ریٹ 86.45 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا ہے جو جنوری میں 93.96 پوائنٹس پر تھا۔