معاشی بحران غیر ملکی کمپنیوں کے منافع میں 80 فیصد تک کمی
رواں مالی سال جولائی تا فروری سرمایہ کاروں نے 22کروڑ 51لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا، اسٹیٹ بینک
ملک میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیوں کے منافع میں 80 فیصد تک کمی ہوگئی، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خود کی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معاشی بحران کی وجہ سے غیرملکی کمپنیوں کے منافع کی منتقلی میں نمایاں کمی ہوئی، پاکستان سے غیرملکی سرمایہ کاری پر منافع کی بیرون ملک منتقلی 80فیصد کم ہوگئی۔
اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا فروری سرمایہ کاروں نے 22کروڑ 51لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ایک ارب 14کروڑ64لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔
براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 18کروڑ81لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا، غیرملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 3کروڑ69لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا فروری براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے ایک ارب 3کروڑ78لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا فروری پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 10کروڑ 86لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔