خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

توبہ کرنا
کامران خان، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے محلے کی ایک مسجد میں ہوتا ہوں اور وہاں پر نماز ادا کرتا ہوں اور بعد میں اللہ تعالی سے نہایت عاجزی کے ساتھ توبہ کرتا ہوں ۔ پہلے تو میں آھستہ آھستہ استغفار کرتا ہوں پھر بلند آواز میں شروع کر دیتا ہوں۔ میرے پاس دو تین نمازی بھائی اکٹھے ہو جاتے ہیں اور وہ بھی خاموشی سے ذکر شروع کر دیتے ہیں۔ میرا بلند آواز میں ذکر کرنا ان کو اچھا نہیں لگتا اور سب مجھے غور سے دیکھتے ہیں جس پہ مجھے بہت شرمندگی ہوتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے کوئی دلی مراد پوری ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری ہو گی اور گھر میں بھی سکون ہو گا ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

گھر کی چھت
عاقب وہاب، قصور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پہ لیٹا ہوں اور مجھے نیند آ رہی ہوتی ہے۔ پھر میں نے محسوس کیا کہ میں آسمان کی طرف اڑتا جا رہا ہوں ۔کافی اوپر جا کے میرا جسم آہستہ آہستہ زمین کی طرف واپس آنے لگتا ہے اور دوبارہ چھت پہ واپس آ جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے درجات میں ترقی ہو گی ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی ۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا اور اس سے کاروبار میں برکت ہو گی جو کہ مال و وسائل میں بھی برکت کا باعث بنے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

خوبصورت نقش ونگار
نادیہ فاروقی، چنیوٹ
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے گھر کا داخلی دروازہ بہت خوبصورت ہوتا ہے۔ اس پہ قدیم زمانے کے نقش و نگار کندہ ہوتے ہیں۔ میں غور سے دیکھتی ہوں تو ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے وہ نقش ابھرے ہوئے ہوں ۔کافی دیر تک میں ان کی خوبصورتی کو دیکھتی رہتی ہوں جس سے مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔گھر میں اور کاروبار میں بہتری ہو گی ۔ بچوں کی طرف سے بھی پیار و خوشی ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔

بھیک مانگنے والوں کی طرح جھولی پھیلانا
ماہ نور بشیر،گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں پتہ نہیں کس جگہ پہ بیٹھی ہوں اور جیسے فقیر اپنی جھولی پھیلاتے ہیں میں بھی خالی جھولی پھیلا کر بیٹھی ہوں اور سوچتی ہوں کہ میری جھولی بالکل خالی ہے اور اداس بیٹھی ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

دوست سے ملاقات
اکبر شاہ، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے دوسرے گاوں جا رہا ہوتا ہوں۔ راستے میں ایک بڑا پل ہوتا ہے جس کو کراس کر کے ہم دوسرے گاوں جاتے ہیں۔ میں اس کو کراس کرتا ہوں تو سامنے سے میرا دوست مل جاتا ہے۔ ہم دونوں باتیں کرنے لگتے ہیں۔ چلتے چلتے میرا مطلوبہ گاوں آ جاتا ہے تو میں اپنے دوست سے اجازت لے کر داخلی راستے کی طرف مڑ جاتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ اگر آپ کسی حکومتی ادارے میں کام کرتے ہیں تو وہاں پہ ترقی ہو گی۔ کاروباری و گھریلو معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

انار خریدنا
وقاص اسلم، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ خریدنے بازار جا رہا ہوں۔ وہاں ریڑھی والے سے خوبصورت انار دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ کچھ خرید لوں۔ دوکاندار سے قیمت پوچھ کر کچھ انار لے لیتا ہوں ۔گھر آ کر وہ انار بیگم کو دیتا ہوں۔ بچے بھی آ جاتے ہیں اور بیگم چھری سے کاٹ کے ایک پلیٹ میں بھر دیتی ہے۔ اس کے دانے بہت ہی خوشنما اور سرخ ہوتے ہیں۔ ہم سب مل کے اس کو کھاتے ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے رزق میں برکت ہو گی جس سے کاروباری و گھریلو امور میں بھی بہتری آئے گی۔ ممکن ہے کہ اللہ تعالی اولاد نرینہ کی خوشی عطا کریں ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں ۔

چاند کوتکنا
شہلا احمد، نارووال
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتی ہوں۔ پھر کھڑکی کھولتی ہوں تو میری نظر چاند پہ پڑتی ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ چاند کو گرھن لگا ہوا ہے۔ میں پریشانی میں کھڑکی بند کر دیتی ہوں اور اپنے بستر پہ آ کر لیٹ جاتی ہوں ۔ نجانے پھر مجھے کیا ہو جاتا ہے کہ میں دوبارہ اٹھ کے پردہ ہٹا کر چاند کو دیکھنا شروع کر دیتی ہوں اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے آپ کی صحت خراب ہو سکتی ہے۔ اس کا اثر گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ کاروباری معاملات پہ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ نوکری کرتی ہیں تو اس پہ بھی اثر ہو سکتا ہے۔ مال و وسائل کی کمی سے معاملات خرابی کی طرف جا سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

کھانا گھر سے باہر پھینکنا
صائمہ اکرام ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کھانا اٹھا اٹھا کر باھر پھینک رہی ہوں ۔ میری بہن مجھے روکتی ہے مگر میں کسی کی بات نہیں سن رہی اور ہر طرف سے کھانے کے برتن اٹھا اٹھا کر پھینک رہی ہوں ۔ پھر دیکھتی ہوں کہ جیسے سب میری وجہ سے رو رہے ہیں اور میں نے جو نقصان کیا ہے اس کی وجہ سے گھر میں سب کو پریشانی ہے اور اب شائد مزید کھانا نہ تو کہیں سے مل رہا ہے نہ ہی گھر میں موجود ہے ۔ باقی سب بھی بہت اداس ہیں اور پریشان بھی ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے ۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

تقریب میں تقریر کرنا
محمد رمضان ، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے کہیں پہ عمامہ باندھا جا رہا ہے ۔ میں کسی کو نہیں جانتا سب اجنبی چہرے ہیں ، مگر سب میرے لئے خوش ہیں اور مجھے مبارک دیتے ہوئے مٹھائی کھلا رہے ہیں ۔ اس کے بعد جیسے میں کوئی تقریر کر رہا ہوں یا لیکچر دے رہا ہوں ۔ یہ مجھے یاد نہیں مگر وہاں بہت لوگ ہیں اور سب سفید لباس پہنے خوشی خوشی میری طرف متوجہ ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

ویران بازار
محمد رشید مغل، لاھور
خواب : میں نے دیکھا کہ کوئی علاقہ ہے ، جہاں بازار کھلے ہیں اور وہاں ہر طرح کا سامان بھی موجود ہے مگر کوئی بھی انسان نہیں ہے ۔ میں آواز دیتے ہوئے کسی دوکان میں داخل ہوتا ہوں مگر کوئی جواب نہیں ملتا ، سمجھ نہیں آتی کہ کیا کریں ، سامان اٹھائیں یا ایسے ہی چلے جائیں۔ اسی پریشانی میں ادھر کھڑا سوچتا رہتا ہوں۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

سیڑھیاں ہی اترتے چلے جانا
محمد جاوید، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں جیسے کہیں گول گول سیڑھیاں اتر رہا ہوں اور ساتھ ساتھ دکھی بھی ہوں ۔ شائد کہیں سے مجھے کسی چیز کے لئے منع کر دیا گیا ہے اور میں اس بات سے پریشان ہوں کہ اس شخص کے میں پیسے ہی نکال کر لے آتا ۔ راستہ بالکل اترتا ہی چلا جاتا ہے ۔ میں بہت کوشش کے باوجود کوئی اور راستہ تلاش نہیں کر پاتا ۔ یہ چیز مجھے پریشان کرتی جا رہی ہے کہ آخر اتنی زیادہ سیڑھیاں کیوں ہیں جو جانے کہاں اترائی میں اترتی جا رہی ہیں ۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے ۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گڑھے میں گرنا
فاطمہ غوری ، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میری امی اور ساس میرے ساتھ کہیں جا رہی ہیں اور شائد کوئی پرانا سا علاقہ ہے جس میں کافی درخت گرے ہوئے ہیں ۔ میں کسی درخت کے جھنڈ میں سے گزرتی ہوں اور میری امی مجھے منع کرتی ہیں مگر میں تیزی سے ان کی بات کو نظر انداز کرتے ہوئے اندر کی طرف چلی جاتی ہوں اور کسی کنواں نما گہرے گڑھے میں گر جاتی ہوں اس کے بعد بہت زور زور سے چلاتی ہوں مگر مجھے نکالنے کے لئے کوئی بھی نہیں آتا ۔ میں خود ہی سوچتی ہوں کہ میں اب ایک کنویں میں گر گئی ہوں اور کبھی بھی مجھے کوئی بچانے نہیں آئے گا۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

سیڑھیوں میں سانپ
پرویز عمران، لاھور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے گھر میں سیڑھیوں میں ایک سانپ ہے جو بہت بڑا ہے اور بالکل سیدھا لیٹا ہوا ہے جس سے راستہ بند ہو گیا ہے۔ میرے ابو کی نظر اس پہ پڑتی ہے جو سب کو گھر سے نکل جانے کو کہتے ہیں مگر کسی کو دروازہ نظر نہیں آ رہا جس کی وجہ سے کوئی باہر نہیں نکل سکتا، میرا بھائی چھت پہ جانے کی کوشش کرتا ہے مگر سانپ کی وجہ سے وہ اندر سیڑھیوں پہ نہیں جا پاتا ، اس کے بعد مجھے خواب یاد نہیں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

قبر میں لیٹنا
شبیر خان ،لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں شاید کسی قبرستان میں اپنے دوستوں کے ساتھ ہوں اور شرارت میں کسی قبر میں لیٹ جاتا ہوں۔ پھر دیکھتا ہوں کہ میں شائد ادھر پھنس گیا ہوں اور وہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے ۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جیسے میرا سانس رک رہا ہو اور میں چیخنے لگتا ہوں کہ کوئی مجھے باہر نکالے مگر وہاں کسی قسم کی کوئی آواز نہیں ہوتی ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں بھی کوئی مسلہ پیش، آ، سکتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز، پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب استطاعت صدقہ کیا کریں ۔

گندم بانٹنا
شہزاد احمد، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہم سب اپنے گاوں گئے ہیں اور وہاں اپنی زمینوں میں اپنے ملازمین اور کسانوں کو کام کرتے ہوئے دیکھتے ہیں ۔ میرے چاچا جی مجھے بلاتے ہیں کہ میں بھی ٹریکٹر پہ سوار ہو کر کھیت میں زمین ہموار کروں ۔ اس کے بعد میں نے خود کو گندم بانٹتے ہوئے دیکھا کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ مل کر بہت سارے لوگوں کو گندم کی بوریاں دے رہا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

گہرے بادلوں سے اندھیرا چھا جانا
تسنیم علی ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ بہت گہرے بادل ہیں جیسے بارش ہونے سے پہلے چھا جاتے ہیں اسی طرح کا گہرا اندھیرا ہو گیا ہے ۔ بالکل کچھ نظر نہیں آ رھا ۔ میں پریشان ہو کر باہر دیکھتی ہوں کہ اب میں کیسے گھر واپس جاوں گی ۔ ایسا لگتا ہے کہ شاید رات ہو گئی ہو ، دیکھ کر ایسا لگتا ہی نہیں کہ ابھی دن تھا ، ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہوتا ہے اور نہ کچھ دکھائی دے رہا ہے ، نہ ہی آس پاس کی چیزیں محسوس ہو رہی ہوتی ہیں ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں