حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اسحاق ڈار

اپٹما کے وفد نے وزیرخزانہ سے ملاقات کی اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا


Khususi Reporter April 04, 2023
اپٹما کے وفد نے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا، فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے ملکی اقتصادی نمو اور برآمدات میں ٹیکسٹائل کے شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس شعبے کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی معاشی اور مالی صورتحال پر روشنی ڈالی اور ان چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کو درپیش چیلنجز کے باوجود ملکی ریونیو، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفد نے وزیر خزانہ کو گیس اور بجلی کی فراہمی، ان کی قیمتوں اور درآمدات و برآمدات کے حوالے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، اپٹما کے ممبران نے درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی جن میں سیلز ٹیکس ریفنڈز کی وجہ سے کیش کی کمی، ایل سی کھولنے کے مسائل کی وجہ سے خام مال کی پھنسی ہوئی درآمدات اور علاقائی سطح پر توانائی کے مسابقتی ٹیرف شامل ہیں۔

وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی نمو میں اپٹما کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ حکومتی تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو اپٹما کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ وفد نے معاونت فراہم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے اقدام اٹھانے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیوطارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، سیکریٹری پاور، ایڈیشنل سیکریٹری کامرس اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی موجود تھے۔

اپٹما کے وفد نے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا، فوٹو: فائل

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں