یوسف بابر کو مزید ریکارڈز توڑتے دیکھنے کے خواہاں

رضوان بھی بہت جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سابق کپتان


Muhammad Yousuf Anjum April 08, 2023
صائم، طیب طاہر اور حسیب نے اپنی بیٹنگ سے بہت متاثر کیا،سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

محمد یوسف، بابر اعظم کو مزید ریکارڈز توڑتے دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkسے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ بابر اعظم نہ صرف میرے بلکہ دنیائے کرکٹ کے تمام ریکارڈز اپنے نام کرسکتے ہیں، زبردست فارم اور اسٹائل کی وجہ سے انھوں نے بہت جلد اپنا مقام بنالیا۔

انہوں نے کہا کہ بابر کو کھیلتا دیکھ کر ہمیشہ ہی خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان کے پاس ایک ورلڈ کلاس بیٹر موجود ہے، جب وہ میرے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے تو مجھے بہت اچھا لگے گا،میں نے بابرکے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے تجربات بھی شیئر کیے، ان میں سیکھنے کی بہت لگن ہے،اگر بابر پر دباؤ ہو تو اس کا اثر پوری ٹیم پر پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بابراعظم اب کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے؟

محمد یوسف نے مزیدکہا کہ محمد رضوان بھی بہت جلد کنڈیشز سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستانی بیٹنگ لائن کی کارکردگی اتنی بُری نہیں جتنی تنقید کی جاتی ہے،ہم کھلاڑیوں کوجتنا سپورٹ کریں وہ اتنا ہی بہتر کھیل پیش کرنے کے قابل ہوں گے۔

سابق بیٹنگ کوچ نے کہا کہ صائم ایوب، طیب طاہر اور حسیب اللہ نے بھی مجھے اپنی بیٹنگ سے بہت متاثر کیا،یہ تینوں بیٹرز آگے چل کربہت نام کماسکتے ہیں، ان کوایک مشورہ ہے کہ ہردن کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کریں، جتنی اب محنت کریں گے اتنا ہی مستقبل میں فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے بابراعظم کی بطور کپتان قومی ٹیم میں واپسی

محمدیوسف نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے بعد اب احسان اللہ، زمان خان، عباس آفریدی جیسے نوجوان بولرز کا سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پیس بولنگ لائن اپ بہت زبردست ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی پرفارمنس بہتر البتہ ٹیسٹ کرکٹ پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، ضروری ہے کہ زیادہ تعداد میں کوالٹی اسپنرز سامنے آئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں