مسافر کی جان بچانے والے ریلوے اہلکاروں کو ایک ایک لاکھ روپے انعام
مسافر پاؤں پھسلنے کی وجہ سے ٹرین کے نیچے آنے لگا تو ریلویز پولیس نے اسے زد میں آنے سے بچایا تھا
آئی جی ریلویز ڈاکٹر راؤ سردار علی خان نے راولپنڈی اسٹیشن پر مسافر کی جان بچانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کیش ریوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔
چند روز قبل ہیڈ کانسٹیبل لال روز خان اور عدیل احمد نے ریلوے اسٹیشن راولپنڈی پر مسافر کو بڑے حادثے سے بچا لیا تھا۔
ریل مسافر کاظم سلیم راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین رحمان بابا سے اتر رہا تھا کہ پاؤں پھسلنے کی وجہ سے ٹرین کے نیچے آنے لگا تو پلیٹ فارم پر موجود ریلویز پولیس اہلکاروں نے حاضر دماغی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافر کی بروقت امداد کو دوڑے اور مسافر کو ٹرین کی زد میں آنے سے بچایا۔
واقعے کی فوٹیج چند روز تک سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہی۔ آئی جی ریلویز نے ریلویز پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دونوں ہیڈ کانسٹیبل کو سینٹرل پولیس آفس ریلویز مدعو کرکے کیش ریوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
اہلکاروں نے آئی جی ریلویز کی اس حوصلہ افزائی پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔ آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ محنتی، قابل اور فرض شناس اہلکار اور افسران ریلویز پولیس کا اثاثہ ہیں اور اچھی کارکردگی کی حوصلہ افزائی سے عملے میں مزید جوش اور ذمے داری نمایاں ہوتی ہیں۔