منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو کیش کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کردیں


Business Reporter April 17, 2023
(فوٹو فائل)

وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے 7500، 15000، 25000 اور 40000 روپے مالیت کے منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو کیش کرانے کی آخری تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی ہے۔

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز کیش کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی، تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں