ایف آئی اے نےاسمگلنگ کیلیے ذخیرہ کی گئی کروڑوں کی چینی قبضے میں لے لی

چینی کی 10 ہزار اور یوریا کی 12 سو بوریاں فلور مل کے گودام میں ذخیرہ کی گئی تھیں، حکام


Irshad Ansari April 22, 2023
ایف بی آر نے سرحدی علاقوں میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیاں تیز کردی ہیں، فوٹو: فائل

ایف بی آ کی کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے بلو چستان کے ضلع نوشکی میں کارروائی کرتے ہوئے فلور مل کے گودام میں ذخیرہ کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی چینی اور یوریا کی بوریاں قبضے میں لے کر گودام سیل کردیا۔

حکومت کی جانب سے گندم،آٹا،چینی اور یوریا پر مشتمل نوٹیفائی کردہ اشیائے ضروریہ کی سرحدی علاقوں میں نقل و حمل ممنوعہ قرار دیے جانے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے افغانستان،بھارت اور ایران سے متصل سرحدی علاقوں میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

کسٹمز حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے فلور مل کے گودام میں ذخیرہ کی گئی چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چینی اور یوریا کھاد برآمد کر لی۔

حکام کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نوشکی کے علاقے میں واقع فلور مل کے گودام میں بڑی مقدار میں چینی اور یوریا ذخیرہ کی گئی ہے جسے بیرون ملک اسمگل کیا جائے گا۔

کسٹمز انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ نے ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلیجنس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگرعملے پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے اطلاع کی تصدیق ہونے اور شواہد ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر نوشکی کی ایک فلور مل پرچھاپہ مار کر بڑی تعداد میں چینی اور یوریا کھاد برآمد کر لیں۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ گودام سے پکڑے جانے والے سامان میں چینی کی 10 ہزار اور یوریا کی 12 سو بوریاں شامل ہیں جن کی مالیت 6 کروڑ روپے ہے ۔

حکام کے مطابق کے مطابق گودام کو سیل کر کے مقامی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں