جونیئر فٹبال ٹیم کے سابق کپتان آفتاب منیر کسمپرسی کی حالت میں انتقال کرگئے
آفتاب منیر گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، سوگواران میں 6 ماہ کی بچی بھی شامل
پاکستان کے سابق جونیئر فٹبال کپتان منیر آفتاب انتقال کر گئے، 26 سالہ منیر آفتاب گردوں کے امراض میں مبتلا تھے۔
گردوں کے امراض میں مبتلا سابق جونیئر فٹبال ٹیم کے کپتان منیر آفتاب طویل عرصے سے زیر علاج تھے، انہیں میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
آفتاب منیر دفاعی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلا کرتے تھے، انہوں نے مختلف انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کی جبکہ وہ انڈر14، انڈر16 اور انڈر19 فٹبال ٹیموں کے کپتان بھی رہ چکے تھے۔
مرحوم کا تعلق کراچی کے مشہور علاقے لیاری سے تھا جبکہ وہ نیشنل بینک سے فارغ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
بے روزگاری اور معاشی تنگ دستی کے سبب آفتاب منیر نے آخری وقت انتہائی کسمپرسی میں گزارا، مرحوم نے لواحقین میں بیوہ اور تین معصوم بچے سوگوار چھوڑے ہیں،سب سے چھوٹی بیٹی کی عمر چھ ماہ ہے۔