وفاقی حکومت کا پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے سے اظہار لاتعلقی

اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ کا کارروائی پر اظہار افسوس، ملبہ نگراں حکومت پر ڈال دیا، وزیر خزانہ کا شاہ محمود سے بھی رابطہ


رضوان غلزئی April 29, 2023
فوٹو: فائل

وفاقی وزرا نے واضح کیا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پر ہونے والی کارروائی سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو پی ٹی آئی رہنما کے گھر میں داخل نہیں ہونا چاہیے تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کرکے چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر پولیس کے حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کارروائی وفاقی حکومت نے نہیں بلکہ پنجاب کی نگراں حکومت نے کی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر دھاوے اور چادر چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ چوہدری پرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے، تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کریں گے، اس سلسلے میں جلد تحریک انصاف سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر غیرقانونی حملے پر تحریک انصاف اور چوہدری پرویز الٰہی کے خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کاروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے۔

پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے کا میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا، وزیر داخلہ

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے ما مجھے علم نہیں تھا، پولیس کو اُن کے گھر میں داخل نہیں ہونا چاہیے تھا، آپریشن کا میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کے بعد علم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 'کسی کا دروزہ توڑ کر گھر میں داخل ہونے کی اجازت کوئی قانون نہیں دیتا، پرویز الہیٰ کو اگر گرفتار کرنا تھا تو انہیں آزادانہ نقل و حرکت کے وقت بھی کیا جاسکتا تھا، گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کا حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان یہ بات طے ہوچکی ہے کہ الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہیں، اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے بعد ہی الیکشن کروائیں گے کیونکہ اپوزیشن نے بھی ایک ہی دن الیکشن کی تائید کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔